لاہور : تحریک انصاف کے وکیل علی ظفر کا کہنا ہے کہ ہائی کورٹ فیصلے کے بعد اکثریت پی ٹی آئی اور اتحادیوں کے پاس آگئی، حمزہ شہباز کو اعتماد کا ووٹ لینا پڑے گا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے وکیل علی ظفر نے لاہور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مخصوص نشستوں کے حوالے سے فیصلے پر کہا کہ ہائیکورٹ فیصلے کے بعد پنجاب اسمبلی میں اب ہماری اکثریت ہے۔
وکیل علی ظفر کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز کو اعتماد کا ووٹ لینا پڑے گا یا پھر عدالت ان کا الیکشن ہی کالعدم قرار دے سکتی ہے، اس نکتے پر کل عدالت میں دلائل دوں گا۔
تحریک انصاف کے وکیل نے مزید کہا کہ اگر الیکشن کالعدم دیا تو پرویزالہٰی کےوزیر اعلیٰ بننے کے چانس ہیں ، الیکشن کمیشن کو ہر صورت ہائیکورٹ کافیصلہ مانناپڑےگا تاہم ان کے پاس اپیل کا حق بھی ہے۔
یاد رہے لاہور ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کی پنجاب اسمبلی کی پانچ مخصوص نشستوں کا نوٹی فکیشن جاری کرنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو جلد نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا۔
مزید پڑھیں : پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کا بڑا فیصلہ
خیال رہے لاہور ہائی کورٹ میں مذکورہ درخواست پی ٹی آئی ارکان اسمبلی سمیوئل یعقوب، زینب عمیر اوردیگر نےدرخواست دائر کی تھی، درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ الیکشن کمیشن نے بیس نشستوں پر ضمنی الیکشن ہونے تک ان نشستوں پر نوٹیفیکیشن روک دیا تھا۔
لہذا عدالت عالیہ الیکشن کمیشن کے 2 جون کے فیصلے کو کالعدم قرار دے اور الیکشن کمیشن کو پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں کا نوٹیفیکیشن جاری کرنے کا حکم دیا جائے۔