لاہور: سابق گورنر پنجاب اور تحریکِ انصاف کے رہنما چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ انھیں دوبارہ گورنر بننے کی خواہش نہیں ہے، ویسے بھی اب گورنر ہاؤس پنجاب نہیں رہے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وہ پہلے بھی گورنر رہ چکے ہیں، اب عمران خان نے کہا ہے کہ گورنر ہاؤس کو عوام کے لیے مختص کیا جائے گا۔
برطانوی پارلیمنٹ کے تین بار رکن منتخب ہونے والے چوہدری محمد سرور نے پی ٹی آئی میں ہر قسم کی گروپنگ کی تردید کرتے ہوئے کہا ’پی ٹی آئی کی پوری جماعت عمران خان کے ساتھ ہے۔‘
چوہدری سرور نے مزید کہا ’پی ٹی آئی کے پاس پنجاب میں واضح اکثریت ہے، اب زیادہ وقت انتظار نہیں کرنا پڑے گا، عمران خان جو بھی فیصلہ کریں گے پارٹی اسے قبول کرے گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ تحریکِ انصاف میں فارورڈ بلاک بننے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں، پارٹی اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے، پنجاب اور مرکز میں حکومت بنانے میں کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔
تحریک انصاف کا چاروں صوبوں کے گورنرزکو تبدیل کرنے کا فیصلہ
چوہدری سرور نے پارٹی پالیسی دہراتے ہوئے کہا کہ کرپٹ افراد اور پیسا باہر بھیجنے والوں کا کڑا احتساب ہوگا، کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے گا، ان کا کہنا تھا پی ٹی آئی ملک میں تبدیلی چاہتی ہے اس لیے ملک کو لوٹنے والوں کے لیے یہاں کوئی جگہ نہیں۔
واضح رہے کہ عمران خان نے ابھی گورنر پنجاب کے عہدے کے لیے کسی نام کا انتخاب نہیں کیا ہے تاہم چند ناموں پر ضرور غور کیا گیا ہے جن میں پیپلز پارٹی کے سابق وزیرِ قانون بابر اعوان ایڈووکیٹ، اسحاق خاکوانی اور اعجاز چوہدری شامل ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔