پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں ہمیشہ کیلیے چھانگا مانگا کی منڈیوں کا راستہ بند ہوچکا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے 25 منحرف اراکین کو نااہل اور ڈی سیٹ کیے جانے کے فیصلے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے اس فیصلے سے پاکستان میں ہمیشہ کیلیے چھانگا مانگا کی منڈیوں کا راستہ بند ہوچکا ہے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ پنجاب کی حکومت تو فارغ ہو چکی ہے، وفاقی حکومت بھی جلد فارغ ہوگی اور اب ضمیر فروشوں کا ووٹ نہیں بلکہ 22 کروڑ عوام کا ووٹ کاسٹ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: "لوٹوں اور نوٹوں کو زبردست شکست "، قوم کو مبارک باد
انہوں نے مزید کہا کہ جنہوں نے ان ایوانوں کی توہین کی ان کیلیے بھی شرم کا مقام ہے، ان لوگوں کو شرم آنی چاہیے جنہوں نے ساری جمہوریت کو گدلا کیا، حمزہ شہباز نے جو غیر قانونی کام کیے وہ بھی واپس کرائے جائیں اور میں ساتھ ہی عوام کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ عمران خان کے ساتھ جدوجہد کی۔