کراچی : تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کراچی پولیس کو چکمہ دے کر صوابی پہنچ گئے ، ضمانت ملنے تک خیبر پختونخوا میں ہی قیام کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس کے لیے تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل کی تلاش معمہ بن گئی، حلیم عادل کی گرفتاری کے لیے گھر پہ چھاپے مارے گئے مگر نہیں مل سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حلیم عادل شیخ محفوظ مقام پہ منتقل ہوچکے ہیں اور صوابی کے جلسے میں نمودار ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق حلیم عادل شیخ کا صوابی جلسے سے خطاب متوقع ہے اور ضمانت ملنے تک حلیم عادل شیخ خیبر پختونخوا میں ہی قیام کریں گے۔
ذرائع نے کہا ہے کہ آزادی مارچ کی مہم چلانےپر پیپلز پارٹی نے انتقام کا نشانہ بنایا۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ قابل افسوس ہےعمران خان کے ایک سپاہی سےیہ اتنا خوفزدہ ہیں ، 3دن سے جھوٹے کیسز بنا کراچی پولیس میرے پیچھے لگائی ہوئی ہے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ جس کے بعد تین بار میرے گھر پر چھاپے مار کر فیملی کو ہراساں کیا گیا ہے، اس وقت سندھ ہائی کورٹ کے باہر پولیس نے گھیرا لگایا ہوا اور کوشش ہےکہ میں عدالت نہ پہنچ سکوں۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہفتےکوساڑے 3گھنٹے قبل از گرفتاری ضمانت کے لیےکھڑا رہا ، ہمیں اطلاع دی گئی کہ ججز کم ہیں اور وقت ختم ہوگیا ہے ، عدالت میں جب میں خود کو پیش کر چکا تھا لیکن انصاف نہیں ملا، اس پربھی چیف جسٹس صاحب کوسوموٹو نوٹس لینا چاہیے۔