لاہور : تحریک اںصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ مارچ میں پاکستان کی 75سالہ تاریخ کا ماہانہ مہنگائی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا اور شرح 35.4فیصد پر پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق تحریک اںصاف کے رہنما اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ادارہ شماریات کی مہنگائی کے حوالے سے رپورٹ پر کہا کہ مارچ میں پاکستان کی75سالہ تاریخ کاماہانہ مہنگائی کاریکارڈٹوٹ گیا،افراط زرکی شرح 35.4فیصد پر پہنچ گئی، مہنگائی سےقوم کی کمرتوڑ دی لیکن ان کو جبر اورفسطائیت سےفرصت نہیں۔
مارچ کے مہینے میں پاکستان کی 75 سالہ تاریخ کے ماہانہ مہنگائی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ 35.4% افراط زر کی شرح۔ قوم کی کمر توڑ دی مہنگائی سے اور ان کو جبر اور فسطائیت سے فرصت نہیں
— Asad Umar (@Asad_Umar) April 1, 2023
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ،تحریک انصاف کے آخری ماہ میں مہنگائی کی شرح 12.7 تھی، اب مہنگائی کی شرح بڑھ کر35.4 ہو چکی ہے۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ مہنگائی کھانے پینے کی اشیا میں ہے، کھانےپینے کی اشیا میں ایک سال کےدوران قیمتوں میں47فیصد اضافہ ہوا، موجودہ حکومت نے ملک کو گہرے معاشی بحران میں دھکیل دیا ہے۔
مہنگائی کی شرح میں مزید اضافہ۔ تحریک انصاف کے آخری ماہ میں مہنگائی کی شرح %12.7 تھی جو اب بڑھ کے %35.4 ہو چکی ہے۔ سب سے زیادہ مہنگائی کھانے پینے کی اشیاء میں ہے جہاں ایک سال میں قیمتوں میں %47 فیصد اضافہ ہوا۔
ملک کو مسلط حکومت نے ایک گہرے معاشی بحران میں دھکیل دیا ہے۔ pic.twitter.com/U1ZHr14MGm— Hammad Azhar (@Hammad_Azhar) April 1, 2023
خیال رہے ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق صرف مارچ کے دوران ماہانہ مہنگائی 35.4فیصد پر پہنچ گئی جبکہ فروری میں مہنگائی کی شرح 31.5 فیصد پر تھی گزشتہ سال مارچ 2022میں مہنگائی کی شرح 12.7فیصد پر تھی۔
رپورٹ کے مطابق ملک کے شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح 33فیصد رہی، مارچ میں دیہی علاقوں میں مہنگائی کی شرح 38.9 فیصد پر پہنچ گئی۔