اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سمیت اپوزیشن جماعتوں نے جمعے کو پُرامن احتجاج کرنے کا اعلان کر دیا۔
قومی اسمبلی کے باہر پی ٹی آئی کے علامتی بھوک ہڑتال کیمپ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ آئین میں ہے کہ آپ جہاں احتجاج کرنا چاہتے ہیں آپ درخواست دیں، آپ سوائے گوادر کے کسی بھی ڈسٹرکٹ میں احتجاج کرنا چاہیں درخواست دیں۔
راجہ ناصر عباس نے کہا کہ اس شخص پر آرٹیکل 6 لگانے کی بات کی جا رہی ہے جس کے ساتھ 99 فیصد پاکستان ہے، آرٹیکل 6 بانی پی ٹی آئی پر نہیں بلکہ پاکستان کے عوام پر ہے، کیا آئین و قانون کی بات کرنا غداری ہے؟
انہوں نے کہا کہ جو آئین و قانون روند رہا ہے ان کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے، بار بار فیل ہونے والوں کو دوبارہ حکومت دے دی جاتی ہے، جو لوگ مسلسل ناکام ہوتے آئے ہیں انہیں دوبارہ حکومت دی گئی، ایک دن ضرور آئے گا جب یہ ظلم کی سیاہ رات ختم ہو کر رہے گی، عدل کا سورج طلوع ہوگا اور غیرت مند سیاستدان ضرور رہا ہوگا۔
راجہ ناصرعباس نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی آئیں گے انشااللہ پاکستان میں آزادی کا پرچم بلند ہوگا، پورے پاکستان کو دعوت دیتا ہوں جمعہ کے روز احتجاج میں شرکت کریں، کسی مسلک کی بات نہیں ہے جمعے کو اپنے حق اور پاکستان کیلیے نکلنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور لاقانونیت کے خلاف پورے پاکستان کو نکلنا ہے، سیاسی اسیران کی رہائی اور غریبوں کے حق کیلیے قوم کو نکلنا ہے۔
پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا تھا کہ جمعے کے روز پُرامن طور پر نکلیں گے، ہمارے 3 مطالبات ہیں کہ مہنگائی کا خاتمہ کیا جائے، قیام امن کیلیے اقدامات کیے جائیں اور بانی پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی اسیران کو رہائی دی جائے۔
اسد قیصر نے کہا کہ موجودہ حکومت کے پاس جعلی مینڈیٹ ہے ان کو جانا پڑے گا۔