کراچی: 24 نومبر کو پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر وفاق نے ایک بار پھر سندھ حکومت سے مدد طلب کرلی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی حکومت نے سندھ پولیس کی نفری فوری اسلام آباد طلب کی ہے جس کے بعد آئی جی سندھ نے جوانوں کو فوری اسلام آباد روانہ ہونے کا حکم دے دیا ہے۔
سندھ کے ٹریننگ سینٹرز سے 1350 سے زائد جوان کچھ دیر میں اسلام آباد روانہ ہوں گے۔
ہر ٹیم کے ہمراہ اینٹی رائٹس کٹس، ایک ہزار لانگ، ایک ہزار شارٹ شیل لانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ عبدالحق عمرانی اسلام آباد کنٹرول روم کے کانٹیکٹ افسر ہوں گے۔
ڈی آئی جی آر آر ایف کو ایک دستہ سٹی اسٹیشن پر سیکیورٹی کے لیے بھیجنے کا حکم دیا گیا ہے، ڈی آئی جی ایسٹ اور ساؤتھ زون دستوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کریں گے۔
ایس ایس پی حیدرآباد اور خیرپور کو دستوں کی فول پروف سیکیورٹی کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ کراچی کے تمام زونل ڈی آئی جیز کو دستوں کی سیکیورٹی اور انتظامات بہتر رکھنے کا کہا گیا ہے۔
اے آئی جی آپریشن اسلام آباد کو تمام جوانوں کی لسٹ فراہم کی جائے گی، وہ براہ راست اے آئی جی پی آپریشن اسلام آباد سے رابطہ رکھیں گے، تمام نفری کو اصل دستاویزات اور اضافی یونیفارم ساتھ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔