کراچی: شہر قائد میں پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا، پی ٹی آئی نے پانی بحران پر کل احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے واٹر بورڈ کو فوج کے سپرد کرنے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں پانی کے بحران پر تحریک انصاف نے واٹر بورڈ، وزیراعلیٰ ہاؤس اور بلاول ہاؤس کے گھیراؤ کی دھمکی دی ہے، پی ٹی آئی رکن اسمبلی آفتاب صدیقی نے واٹر بورڈ کو فوج کے سپرد کرنے کا مطالبہ کردیا۔
تحریک انصاف کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے صوبائی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کل واٹر بورڈ کے دفتر کے باہر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ شہر کربلا بن رہا ہے مگر بلاول بھٹو کو کوئی پرواہ نہیں، شہر میں پانی کی فراہمی کا مسئلہ حل نہ ہوا تو اگلے مرحلے میں وزیراعلیٰ ہاؤس اور بلاول ہاؤس کے باہر کراچی والوں کو جمع کرکے احتجاج کریں گے۔
اراکین صوبائی اسمبلی خرم شیر زمان اور شہزادہ قریشی کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کا سہارا لے کر سندھ حکومت کراچی والوں کے ساتھ کھلواڑ کررہی ہے، شہر میں انفرا اسٹرکچر ہے اور نہ ہی پانی کی فراہمی کے لیے منصوبہ ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ پانی دینا حکومت سندھ کی ذمے داری ہے، حب ڈیم میں پانی نہیں تھا تو ضلع غربی کو پانی نہیں ملتا تھا، اب حب ڈیم بھر چکا ہے پھر بھی پانی نہیں مل رہا۔
فردوس شمیم نے کہا تھا کہ پانی کا مسئلہ حل نہیں کیا جائے گا تو حکومت بھی نہیں کرنے دیں گے۔