تازہ ترین

حکومت کا ججز کے خط پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد ہائی کورٹ...

فوجی عدالتوں سے 15 سے 20 ملزمان کے رہا ہونے کا امکان

اسلام آباد : اٹارنی جنرل نے فوجی عدالتوں سے...

عمران خان کی نواز شریف کومحرم تک ڈیڈ لائن، اسلام آباد بند کرنے کا اعلان

لاہور: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نواز شریف کو احتساب کے لیے محرم تک الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب ہم جلسہ نہیں کریں بلکہ محرم کے بعد اسلام آباد بند کردیں گے اور حکومت چلنے نہیں دیں گے کارکنان تیاری کریں۔

یہ الٹی میٹم انہوں نے اڈہ پلاٹ پر رائے ونڈ مارچ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ عمران خان ہیلی کاپٹر کے ذریعے جلسہ گاہ پہنچے اور کئی رہنماؤں کے خطاب کے بعد آخری خطاب کیا۔

اسٹیج پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک،تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، نعیم الحق، عبدالرشید، چوہدری سرور، شفقت محمود، اسد عمر، اعجاز چوہدری،عارف علوی، عمران اسماعیل اور دیگر موجود تھے۔

سرحدی صورتحال مخدوش نہ ہوتی تو عوام کو یہی روک لیتا

عمران خان نے اعلان کیا کہ اب ہم جلسہ نہیں کریں گے، نواز شریف کو خبردار کرتے ہیں وہ محرم تک اپنے اپ کو احتساب کے لیے پیش کردیں ورنہ ماہ محرم الحرام نواز شریف کو حکومت کرنے نہیں دیں گے، اگر سرحدی صورتحال ٹھیک ہوتی تو میں عوام کو یہیں رائے ونڈ میں روک لیتا۔

فرعون کے گڑھ میں جلسہ کرکے خوف کا بت توڑا

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ خواتین مارچ کے لیے گھروں سے باہر نکلیں، کارکن میری بات آخر تک سنیں  میں آخر میں اہم اعلان کروں گا،کارکنوں نے فرعون کے خلاف جلسہ کیا اور اپنے خوف کا بت توڑا وہ خراج تحسین کے قابل ہیں۔

p-post-3

جاتی امرا کی دیواروں پر 60 کروڑ اور سیکیورٹی پر ساڑھے 8ارب خرچ ہوئے

انہوں نے کہا کہ نواز شریف فرعون ہیں اور ان کے گھر کی صرف دیواروں پر عوام کا 60 کروڑ روپیہ لگا ہوا ہے،جاتی امرا کی سیکیورٹی پر ساڑھے آٹھ ارب روپے خرچ ہوئے، وہ خوف زدہ ہیں، کرپشن سے اتنا پیسہ کمالیا کہ وہ اب بزدل ہوگئے ہیں جتنا وزیراعظم کا اسٹاف ہے اس کا نصف اسٹاف وائٹ ہائوس کا ہے۔

بڑے بڑے فرعون دیکھے، نواز شریف کا بھی وقت آچکا

انہوں نے کہا کہ میں وقت کے فرعون کو بتادینا چاہتا ہوں کہ میں نے بڑے بڑے فرعون دیکھے، شاہ ایران کی بہت دہشت تھی لیکن جب عوام سڑکوں پر نکل آئے تو شاہ ایران کے جہاز کو لینڈنگ کے لیے  بھی کوئی ملک تیار نہیں تھا، حسنی مبارک،قذافی اور صدام حسین کا انجام نواز شریف نہ بھولیں،نواز شریف کا بھی آخری وقت آچکا ہے۔

قوم کا پیسہ کھانے پر نواز شریف کو دل کا نہیں معدے کا مسئلہ ہے

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو دل کا نہیں معدے کا مسئلہ ہے، وزیراعظم نے عوام کے اربوں روپے کھائے ہیں انہیں بدہضمی ہورہی ہے وہ اپنے دل کا نہیں بلکہ معدے کا علاج کرائیں۔

حسین، حسین،مریم اور نواز شریف کے پاناما لیکس پر بیانات دکھائے گئے

عمران خان نے خطاب کے دوران اسٹیج پر موجود بڑی اسکرین پر ویڈیو دکھائی جس میں پاناما لیکس کی کرپشن کے متعلق دستاویزات دکھائی گئیں،مریم نواز کا ایک بیان دکھایا گیا جس میں وہ کسی بھی آف شور کمپنی کی ملکیت سے انکار کررہی تھیں۔

p-post-2

عمران خان نے کہا کہ اس ویڈیو میں مریم نواز نے انکار کیا لیکن پاناما لیکس میں مریم نواز کی کمپنیاں نکل آئیں اور یہ ہم نےنہیں آئی سی آئی جے نے کہا ہے، مریم نواز کے پاس پیسے ہی نہیں تھے تو ان کے نام پر پراپرٹی کیسے نکل آئی؟؟؟ وہ کہتی تھیں کہ میری پاکستان تو دور کی بات باہر بھی کوئی پراپرٹی نہیں ، اللہ آپ کو سچ بولنے ہدایت کرے۔

انہوں نے ویڈیو  میں نواز شریف کے بیٹوں حسین اور حسن نواز کے بیانات بھی دکھائے جس میں تضاد بیانی آنے پر عمران خان نے تینوں کو تنقید کا نشانہ بنایا بعدازاں نواز شریف کا اسمبلی میں دیا گیا بیان دکھایا گیا جس میں نواز شریف نے جدہ اسٹیل مل اور لندن کے فلیٹس خریدنے کے لیے پاکستان سے ایک بھی روپیہ جانے سے انکار کیا اور چوہدری نثار سمیت دیگر وزرا کے ویڈیو بیانات دکھائے جن میں فلیٹس کی خریداری سے متعلق تضاد بیانی تھی۔

پورے شریف خاندان کا بیان جھوٹ صرف کلثوم نواز کا بیان سچ ہے

عمران خان نے کہا کہ ادھر وزیراعظم انکار کرتے ہیں کہ پاکستان سے پیسہ باہر نہیں گیا اور دوسری جانب ان ہی کے بیٹے اور بیگم کلثوم نواز  کے فلیٹ کے متعلق دیے گئے بیانات میں تضاد ہے، چوہدری نثار کہتے ہیں کہ  فلیٹس 20 سال قبل خریدے گئے جب کہ  نواز شریف کہتے ہیں 7 سال قبل خریدے گئے، دراصل بیگم کلثو م نواز کا بیان درست ہے ان کے سوا سب جھوٹ بول رہے ہیں انہوں نے سال  2000ء میں کہا تھا کہ فلیٹس ہمارے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے کہ نواز شریف نے کرپشن کرکے پیسہ حاصل کیا، منی لانڈرنگ کرکے پیسہ باہر بھیجا اور اپنے بچوں کے نام پر پراپرٹیز خریدیں۔

نیب، ایف بی آر اور ایف آئی اے کرپشن پر پکڑ دھکڑ کیوں نہیں کرتے

انہوں نے قومی احتساب بیورو(نیب) کے چیئرمین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ چند لاکھ روپے کھانے والوں کو پکڑنے میں لگے ہوئے ہیں لیکن اربوں روپے کھانے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہورہی،اسی طرح ایف بی آر اور ایف آئی اے بھی پاناما لیکس میں شامل افراد کے خلاف کچھ نہیں کررہے، پہلے سپریم کورٹ ہر بات پر سوموٹو ایکشن لیتی تھی لیکن اب اتنے بڑے معاملے پر کچھ نہیں کررہی۔

خواجہ آصف سن لیں، پاناما لیکس بھولنے نہیں دوں گا

انہوں نے ن لیگ کے وزیر خواجہ آصف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ میاں صاحب فکر نہ کریں قوم جلد اس معاملے کو بھول جائے گی، ایسے درباری سن لیں، نہ لوگ پاناما لیکس کو بھولیں گے اور نہ میں انہیں بھولنے دوں گا۔

p-post-1

کچھ نہ بھی کروں تب بھی اللہ کا دیا بہت کچھ ہے

انہوں نے کہا کہ مجھے اللہ نے اتنا دیا ہے کہ اگر ساری زندگی کچھ نہ بھی کروں تب بھی زندگی بادشاہوں کی طرح گزر جائے لیکن میں یہ سب کچھ انصاف کی خاطر کررہا ہوں۔

نجم سیٹھی اور پیمرا پر بھی تنقید

انہوں نے نجم سیٹھی اور پیمرا پر بھی تنقید کی اور کہا کہ کرپشن کرنے والے اور الیکشن فکسنگ کرنے والےنجم سیٹھی کو کرکٹ بورڈ کاسربراہ اور ن لیگ کے کارکن کو پیمرا کا چیئرمین لگادیا گیا، جب ملک کا وزیراعظم خود چور ہو تو دوسرے چوروں کا باہر موجود پیسہ کیسے واپس لاسکتا ہے، نوازشریف آصف زرداری کو کیسے کہہ سکتے ہیں کہ زرداری سوئس بینکوں میں رکھا اپنا پیسہ واپس لائیں۔

نواز شریف کو برطانیہ کا وزیراعظم بنادیا جائے

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو برطانیہ کا وزیراعظم بنادیا جائے تو پانچ برس میں برطانیہ کا دیوالیہ نکل جائے گا۔

مودی سے کہا پاکبھارت ایٹمی طاقتیں ہیں، جنگ کا سوچنا بھی نہیں چاہیے

انہوں نے کہا کہ میں جنگوں پر نہیں امن پر یقین رکھتا ہوں اور جنگوں کے خلاف ہوں، عراق اور افغان پر بمباری کا مخالف رہا، ہندوستان جا کر نریندر مودی سے ملا کہ جنگوں کے بجائے پیسہ عوام پر خرچ کیا جائے، جنگ کے بجائے بات چیت سے مسائل حل کیے جائیں کیوں کہ بھارت اور پاکستان دونوں ایٹمی ممالک ہیں ان کو تو جنگ کا سوچنا بھی نہیں چاہیے۔

مودی سن لیں، ہر پاکستانی نواز شریف کی طرح بزدل نہیں

انہوں نے کہا کہ مودی کان کھول کر سن لیں ہر پاکستانی نواز شریف نہیں، یہاں سب ایک ہیں، ہر پاکستان نواز شریف کی طرح بزدل نہیں، مسئلہ کشمیر حل کرنا ہوگا اور کشمیری باشندوں کو ان کے حقوق دینے ہوں گے،ہمارے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور کسی صورت اس کی حمایت سے دست بردار نہیں ہوں گے، گولیوں اور بندوقوں سے کشمیری عوام کو روکا نہیں جاسکتا، ہم ملک کا پانی بند کرنے یا ایل او سی پر حملے کامنہ توڑ جواب دیں گے۔

مودی پاکستان کو تنہا کریں میں پیسہ اکٹھا کرکے دکھاؤں گا

انہوں نے مودی کو چیلنج دیا کہ وہ پاکستان کو تنہا کرکے دکھائیں میں اسی پاکستان سے پیسہ اکٹھا کرکے دکھا دوں گا۔

اقوام متحدہ میں نواز شریف کشمیر پر یہ باتیں کرنا نہیں چاہتے تھے

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں نواز شریف نے کشمیر کے متعلق اچھی باتیں کیں میں ان کی شکل دیکھ رہا تھا وہ یہ باتیں کرنا نہیں چاہ رہے تھے لگ رہا تھا کہ ان سے یہ باتیں کروائی گئی ہیں۔

مشرف مجرم ہے، ڈالر کی خاطر وزیرستان میں فوج بھیجی

انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف قوم کے مجرم ہیں جنہوں نے ڈالر کی خاطر وزیرستان میں فوج بھیجی،فوج کبھی بھی مسئل کا حل نہیں رہی، قبائل اور بگٹی کے خلاف بھی فوجی آپریشن کا مخالف رہا۔

پنجاب حکومت نے قوم کا 30ارب اشتہارات پر خرچ کیا

عمران خان نے کہا کہ پنجاب حکومت نے قوم کا 30 ارب روپیہ اشتہارات پر خرچ کیا، خیبر پختون خوا میں کرپشن کا کوئی ایک بھی کیس ہے تو بتادیں۔

نواز شریف نے دو ٹی وی چینلز کو اپنی حمایت میں پیسہ دیا

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملک کے دو ٹی وی چینلز کو پیسہ دیا ہواہے اپنی کمپین چلانے کے لیے، وہ کون سے دو ٹی وی چینلز ہے عوام مجھے جواب دیں، جس پر مجمع نے ایک ٹی وی چینل جیو کا نام لیا۔

کراچی کے 47فیصد لوگ باہر جا کر کمانا چاہتے ہیں

انہوں نے کہا کہ کراچی کے 47فیصد نوجوان ملک سے باہر جا کر کمانے کے خواہش مند ہیں، انہیں کہتا ہوں کہ یہ زمین سونا ہے صرف یہاں موجود ڈاکوئوں کے ٹولے کو شکست دینی ہے، نواز شریف کی جدہ اسٹیل مل چل رہے ہی لیکن پاکستان اسٹیل مل نہیں۔

 

بھارت واہگہ سے آلو ٹماٹر اور چمن بارڈر سے دہشت گردبھیجتا ہے، شاہ محمود قریشی

اپنے خطاب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت واہگہ سے آلو ٹماٹر اور طور خم بارڈر سے دہشت گردبھیجتا ہے، سنا ہے مودی سرجیکل اسٹرائیک کے بارے میں سوچ رہے ہیں انہیں خبردار کرتا ہوں کہ وہ ایسی حماقت نہ کریں ورنہ بیس کروڑ عوام کھڑے ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مودی کی سیاست بے نقاب ہوگئی،بھارتی وزیراعظم کی بغل میں چھری اور منہ پر رام رام ہے ،بھارت نے سارک سربراہ کانفرنس میں شرکت نہ کرکے خطے کی خوشحالی میں رکاوٹ ڈالی۔

انہوں نے سابق وزیر خارجہ ہونے کے ناطے موجودہ بھارتی وزیر خارجہ کو چیلنج کیا کہ وہ آئیں اور میرے ہمراہ سری نگر میں نعرہ لگائیں پتا چل جائے گا کہ کشمیری عوام کس کے ساتھ ہیں۔

 

بھارت کو اجمل قصاب کا پتا نواز شریف نے دیا ، شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ مودی اور نواز شریف سرکار دونوں کی سوچ ایک جیسی ہے، بھارت کو اجمل قصاب کا پتا نواز شریف نے دیا تھا،یہ چور اور دہشت گردی را سے ملے ہوئے ہیں، بھارت کا حملہ لوگوں میں خوف پیدا کرنے کے لیے تھا،سچا لیڈر وہی ہے جو مودی کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر بات کرے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ڈنڈے دکھانے والے ڈوب مریں، جب بھی جلسہ کرتے ہیں حملہ ہونےکاپرچہ تھما دیاجاتا ہے،اگر خون درکار ہے تو سب سے پہلے خون میں دوں گا،عمران خان ہمیں حکم دیں تو جاتی امرا کی اینٹ سے اینٹ بجادیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی نے پاکستان پر حملہ کیا تو مندروں کی گھنٹیاں نہیں بجیں گی بلکہ بھارت بھرمیں کلمہ طیبہ کی آواز بلند ہوگی۔

 

نئے پاکستان میں نوجوان نوکری کیلئے پریشان نہ ہوں گے، جہانگیر ترین

جہانگیر ترین نے کہا کہ عمران خان نیا پاکستان بنائیں جہاں نوجوان ڈگریاں حاصل کرکے نوکریوں کے لیے مارے مارے نہ پھریں،کیا کارکنان نئے پاکستان کے لیے تیار ہیں؟ خان صاحب ہم دیر نہیں کرسکتے، بتائیں نئے پاکستان کے لیے کیا کرنا ہے؟

pti-post-3

سب سے پہلے خطاب کرتے ہوئے عارف علوی نے کہا کہ کراچی میں را کا استعمال کیا گیا، قائد متحدہ الطاف حسین را کے ایجنٹ ہیں، جو پاکستان کے خلاف نعرہ لگائے گا اس کی زبان کھینچ لیں گے۔

pti-post-2

 

بھارت کے خلاف فوج اور عوام متحد ہیں، چوہدری سرور

خطاب کرتے ہوئے چوہدری سرور نے کہا کہ کامیاب جلسے کے انعقاد پر تحریک انصاف مبارک باد کی مستحق ہے،بھارت کے خلاف پاک فوج اور عوام متحد ہیں،نعرہ تکبیر بلند کرنے سے بھارتی فوجیوں کو نیند نہیں آتی، کشمیریوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ قوم ان کے ساتھ ہے۔

 

خان صاحب گوگلیاں بہت ہوگئیں، اب بائونسر کی ضرورت ہے، پرویز خٹک

اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ خان صاحب گوگلیاں بہت ہوگئیں، اب بائونسر کی ضرورت ہے، ہم نے قربانیاں دی ہیں، کس کی مجال ہے ہمیں دھمکیاں دے۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو انتخابات تک جانے کا موقع کیوں دیا جائے، کارکنوں اٹھو اور ان دیواروں کو گرادو۔

 

کارکنوں کی دھکم پیل سے واک تھرو گیٹ گر گیا

قبل ازیں کارکنوں کو کافی دیر سے عمران خان کا بڑی بے چینی سے انتظار تھا، اپنے قائد کی آمد پر ان کے جوش و خروش اضافہ ہوگیا اور وہ جذبات کے سبب ایک دم غیر منظم ہوگئے جس پر ہونے والی دھکم پیل کے باعث واک تھرو گیٹ ٹوٹ گیا۔جلسہ گاہ میں بجتے ہوئے گانوں نے بھی کارکنوں کے جذبے کو تقویت دینے میں اہم کردار ادا کیا۔

 

سلمان احمد اور عطا اللہ عیسیٰ خیلوی نے نغمات پیش کیے

جلسہ گاہ میں گلوکار سلمان احمد نے پی ٹی آئی کا نغمہ پیش کیا ان کے ہمراہ اداکار فواد خان بھی موجود رہے بعدازاں مقررین کے خطابات کے بعد اور عمران خان کے خطاب سے قبل گلوکار عطا اللہ عیسیٰ خیلوی نے ’’ بنے گا نیا پاکستان‘‘ نغمہ سنایا۔

 

پنڈال میں 10 لاکھ افراد موجود ہیں ، پی ٹی آئی کا دعویٰ

پاکستان تحریک انصاف کے متعدد رہنماؤں دعویٰ کیا ہے کہ جلسہ گاہ میں دو لاکھ 40 ہزار افراد موجود ہیں جب کہ رہنما فیصل جاوید نے دعویٰ کیا ہے کہ جلسہ گاہ میں موجود لوگوں کی تعداد دس لاکھ افراد سے تجاوز کرگئی جب کہ ن لیگ کے رہنما و وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ جلسہ گاہ میں صرف تیس ہزار افراد موجود ہیں۔

شیریں مزاری نے دعویٰ کیا کہ پنڈال میں دو لاکھ افراد موجود ہیں، آج صرف جلسہ ہے عمران خان آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

 

جلسے سے قبل عمران خان کا انتظامات کا جائزہ

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے گزشتہ رات رائے ونڈ مارچ کی تیاریوں کا جائزہ لیا،مارچ میں شرکت کے لیے مختلف شہروں سے قافلوں کی آمد جاری ہے،بڑی تعداد میں کارکن پہنچ بھی چکے ہیں،خواتین کی بڑی تعداد بھی احتجاج کے لیے رائے ونڈ اڈاہ پلاٹ پہنچی ہیں۔

خیال رہے کہ آج صبح گیارہ بجے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے لاہور میں اپنی رہاہش گاہ زمان پارک پر پارٹی رہنماؤں کا اجلاس طلب کیا تھا جس میں تحریک انصاف کے سربراہ کی تقریر سمیت دیگر اہم امور پر مشاوت کی گئی۔

pti-post-1

 

مودی کے لیے واضح پیغام دیں گے، شاہ محمود قریشی

تحریک انصاف کے اجلاس کے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مشاورت کرلی گئی ہے آج رائے ونڈ کے میدان سے مودی کے لیے واضح پیغام آئے گا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ قوم تیارہوجائے وطن کی مٹی پکار رہی ہے،انہوں نے کہا کہ امید ہے آج تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔

تحریک انصاف کے سینئر رہنما کا رائے ونڈ مارچ کے حوالے سے کہنا تھا کہ چار بجے پنڈال کے لیے روانہ ہوں گے اور حتمی فیصلہ اس وقت صورت حال کو دیکھ کر کیا جائے گا کہ عمران خان روڈ کے ذریعے یا ہیلی کاپٹر کے ذریعے پنڈال پہنچیں گے۔

 

ملک کرپشن کے ساتھ نہیں چل سکتا، وزیراعلیٰ کے پی کے

قبل ازیں جلسہ گاہ پہنچنے پر وزیراعلیٰ پرویز خٹک کاکہنا تھا کہ آج ثابت کردیں گے کہ ملک کرپشن کے ساتھ نہیں چل سکتا۔

مزیدپڑھیں:رائے ونڈ مارچ قوم کی تقدیر کا فیصلہ کرے گا،عمران خان

رائےونڈ روڈ پر تحریک انصاف کے جلسے کے دوران ٹریفک کا بہاؤ بحال رکھنے کے لیے 2ایس پیز، 6ڈی ایس پیز، 42انسپکٹر، 112پٹرولنگ آفیسرزاور 760ٹریفک وارڈنز تعینات کر دیے گئے ہیں۔

مزیدپڑھیں: کسانوں پر ظلم ہوا، رائے ونڈ مارچ میں شریک ہوجائیں، عمران

چیف ٹریفک آفیسرلاہور طیب حفیظ چیمہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اڈاپلاٹ میں ہونےوالے جلسہ کے موقع پر سٹی ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کےلیے انتظامات مکمل کر لیے۔

ٹریفک رواں رکھنے کے لیے 10لفٹر اور 4بریک ڈاؤن بھی ہوں گے۔کئی مقامات پر ٹریفک کو متبادل راستوں سےگزارا جائے گا۔شہر کے داخلی راستوں سے آنےوالی ایمبولینسوں کو اسپتالوں تک پہنچانے کی ہدایت بھی جاری کردی گئی ہے۔

واضح رہےکہ گزشتہ روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ رائے ونڈ میں تاریخی مارچ ہوگا پہلے نوازشریف کے لیے پیغام دینا تھااب نریندر مودی کو سخت پیغام دیں گے۔

Comments

- Advertisement -