کراچی: وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی پریس کانفرنس پر تحریکِ انصاف کا ردِ عمل سامنے آ گیا ہے، خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ کرپشن پر قدغن سے وزیرِ اعلیٰ ہاؤس سے چیخوں کی آوازیں آ رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعلیٰ سندھ نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ کام یاب پی ایس ایل سندھ والوں کی جیت ہے، سندھ کی ترقی روکنے والوں کے ارادے نیست و نابود ہوگئے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پرانا کراچی مل گیا اب پرانا پاکستان بھی مل جائے گا، وہ پرانا پاکستان جہاں حکمران عوام کی چیخیں نکلوانے کی بہ جائے عوام کی خدمت کریں۔
پی ٹی آئی رہنما رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کرپشن پر پابندی لگائے جانے کے بعد کی چیخیں ہیں جو وزیر اعلیٰ ہاؤس سے نکلیں۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ کی ترقی کے مخالفین کے ارادے نیست و نابود ہوئے: وزیر اعلیٰ سندھ
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کو بے نامی اکاؤنٹس اور لانچوں سے منی لانڈرنگ نہ ہونے کا غم ہے، ہم نئے پاکستان میں سندھ کا لوٹا ہوا پیسا واپس لائیں گے، وفاق نے سندھ کے حصے کا پیسا نہیں، پیپلز پارٹی کی کرپشن روکی ہے۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ نئے پاکستان میں کرپشن کا باب بند ہو چکا ہے، 11 سال ہزاروں ارب روپے ہڑپ کرنے والوں کی تڑپ معنی خیز ہے۔