اسلام آباد : سینیٹر ہمایوں مہمند نے سینیٹ رکنیت معطل ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس رزق سے موت اچھی جس رزق سے آتی ہو پرواز میں کوتاہی۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ رکنیت معطل ہونے پر سینیٹر ہمایوں مہمند نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ اس رزق سے موت اچھی جس رزق سے آتی ہو پرواز میں کوتاہی، ڈپٹی چئیرمین سینیٹ نے گزشتہ روز غلط کام کیا، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو ارکان کی دل آزاری پر معذرت کرنی چاہیے تھی، ان کا کام یہ نہیں کہ چیئرمین پر بیٹھ کر اپنے ارکان کی تضحیک کریں۔
خیال رہے سینیٹ کا آج ہونے والا اجلاس بھی اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کی نذر ہوگیا، قائم مقام چئرمین سینیٹ نے ان کے ساتھ تلخ جملوں کے تبادلے اور دیمارکس پر پی ٹی آئی کے تین اراکین عون عباس، ہمایوں مہمند اور فلک ناز چترالی کی رکنیت رواں سیشن کے لئے معطل کرتے ہوئے انہیں ایوان سے نکالنے کے احکامات جاری کیے گئے۔
قائم مقام چئیرمین نے فلک ناز چترالی سے کہا کہ اجلاس کے بعد آپ کو معلوم ہو جائے گا کہ میں ڈپٹی چئیرمین ہوں یا قائم مقام چئیرمین سینیٹ،،،،،،تینوں اراکین کی رکنیت موجودہ سیشن تک معطل کی گئی۔
مزید پڑھیں : پی ٹی آئی کے 3 سینیٹرز کی رکنیت معطل، ایوان سے نکالنے کا حکم
اس فیصلے کے بعد ایوان میں اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج اور نعرے بازی دیکھنے میں آئی۔اپوزیشن اراکین نے ایوان میں ”ڈپٹی چیئرمین استعفیٰ دو“ کے نعرے لگائے جبکہ اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے ڈپٹی چیئرمین کے رویے کو غیر مناسب قرار دیتے ہوئے ان سے استعفے کا مطالبہ کیا۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز سینیٹ اجلاس کے دوران اراکین کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک قابل قبول نہیں، اور جو الفاظ استعمال کیے گئے وہ اراکین کی توہین کے مترادف ہیں۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اجلاس کے دوران اپنی گزشتہ دن کی رولنگ کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہاؤس کو قانون کے مطابق چلایا جائے گا اور غیر سنجیدہ رویے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر آئندہ بھی اپوزیشن نے ایسا ماحول پیدا کیا تو مزید کارروائی کی جائے گی۔ تاہم، اعظم نذیر تارڑ نے معاملہ رفع دفع کرنے اور اجلاس کی کارروائی آگے بڑھانے کی تجویز دی۔
اجلاس کے دوران وقفہ سوالات میں بھی کشیدگی برقرار رہی، اپوزیشن کے نعروں اور احتجاج کے جواب میں حکومتی اراکین نے طنزیہ جملے کسے۔