تازہ ترین

پی ٹی آئی سینیٹرز کا 9 مئی واقعات سے اظہار لاتعلقی

پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹرز نے 9 مئی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان واقعات سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے پاک فوج ہماری فوج ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز فیصل سلیم، ہمایوں محمد، سیمی ایزدی، فلک ناز، ذیشان خانزادہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے 9 مئی واقعات کے شدید مذمت کرتے ہوئے ان واقعات سے مکمل لاتعلقی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ پاک فوج ہماری فوج ہے۔ ہم نے ایوان بالا میں بھی ایک قرارداد جمع کرائی ہے جس میں ان واقعات کی شدید مذمت کی ہے۔

سینیٹر فیصل سلیم کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا بہت برا ہوا، ہم نے ایوان بالا میں اس حوالے سے ایک قرارداد جمع کرائی ہے جس میں ان واقعات کی شدید مذمت کی گئی ہے، اس وقت تک کسی اور سیاسی جماعت نے قرارداد جمع نہیں کرائی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بہت افسوس ہوا ہے یہ ہمارا ملک ہے، ملک میں کسی جگہ پر بھی نقصان ہوا ہے ہم شرمندہ ہیں، ہم پاک فوج سے ہیں اور پاک فوج کے ساتھ ہیں،

سینیٹر ہمایوں محمد نے کہا کہ پی ڈی ایم کے لوگ مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں، اگر ان کے دل حقیقت میں دکھ رہے ہوتے تو پھر میمو گیٹ اور ڈان لیکس اسکینڈل نہ ہوتے، یہ آج جو کہہ رہے ہیں ان کی منافقت ہے، پاکستان ایک اچھی سمت میں چلے گا اور انشااللہ اچھا وقت ضرور آئے گا۔

سینیٹر سیمی ایزدی نے کہا کہ جناح ہاؤس اور ریڈیو پاکستان کو آگ لگانے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ 9 مئی کے واقعات کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔

سینیٹر فلک ناز نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے پی ٹی آئی اور سینیٹرز کی جانب سے جتنی مذمت کروں کم ہے۔ پی ٹی آئی کا منشور ہے پاکستان ہے تو ہم ہیں، سب سے پہلے پاکستان اور پاک فوج ہے پارٹی بعد میں ہے، شہدا کی یادگار اور املاک کو جو نقصان پہنچا اس کی شدیدمذمت کرتے ہیں۔

ذیشان خانزادہ نے کہا کہ 9 مئی واقعات کی ہر محب وطن پاکستانی مذمت ہی کرے گا کیونکہ وہ پاک فوج کو سپورٹ کرتا ہے ہم بھی اس کی شدید مذمت کرتے ہیں، ان واقعات کی تحقیقات ہونی چاہیے۔

Comments

- Advertisement -