گجرات : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج گجرات میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کریں گے، جی ٹی ایس چوک پرجلسے کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف آج گجرات میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی، عمران خان جی ٹی ایس چوک کے جلسے سے خطاب کریں گے۔
عمران خان کی گجرات آمد کے سلسلے میں استقبال کی تیاریاں جاری ہیں، جی ٹی ایس چوک پر جلسے کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں، لائٹس،لاؤڈاسپیکرز اور دیگر سامان جلسہ گاہ پہنچا دیئے گئے جبکہ پی ٹی آئی کے رنگوں سے سجا ٹرک بھی تیار کیا گیا ہے۔
عمران خان ساڑھے بارہ بجے تانڈہ پہنچیں گے اور دس مقامات پردورہ کریں گے، اس دوران وہ مختلف علاقوں میں رکنیت سازی مہم کے لیے لگائے گئے پی ٹی آئی کے کیمپوں کا جائزہ بھی لیں گے۔
اس سے قبل عمران خان نئے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کریں گے، چیئرمین سینیٹ آج دوپہر بنی گالہ تشریف لائیں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔
یاد رہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے انتخابی مہم چلانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ملک گیر جلسے کرنے کا اعلان کیا تھا۔