لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سینٹرل پنجاب کی صدر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ عمران خان ملک میں انقلاب لاچکے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق وزیر صحت یاسمین راشد نے لاہور کے عہدیداران سے ملاقات کی جس میں 26 نومبر کے قافلوں کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت عام انتخابات کی تیاری کررہے ہیں، پاکستان تحریک انصاف انشا اللہ کلین سویپ کرے گی۔
یاسمین راشد نے کہا کہ وفاقی حکومت 26 نومبر کو عوام کے سمندر کو نہیں روک پائے گی، لاہور سے ہزاروں کی تعداد میں عوام و کارکنان عمران خان کے لیے نکلیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ 26 نومبر کو عوام کا ریفرنڈم ہوگا اس دن صبح 7 بجے ٹول پلازہ پر سب جمع ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جی ٹی روڈ کے ذریعے تمام قافلے حماد اظہر کی قیادت میں چکری جائیں گے، راولپنڈی میں کارکنان کے لیے رہائش اور کھانے کا مکمل انتظام کیا جائے گا۔