پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے سائفر کے معاملے کو مزید شدت سے آگے بڑھانے پر اتفاق کرلیا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین عمران خان کی زیرِ صدارت زمان پارک میں مشاورتی اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں عمر سرفراز چیمہ، مونس الہٰی، راجہ بشارت، مصدق عباسی و دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں عام انتخابات، اعظم سواتی تشدد کیس اور ارشد شریف قتل کیس سمیت سائفر کے معاملے کو مزید شدت سے آگے بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ اس سلسلے میں عوامی سطح، الیکٹرانک میڈیا اور سوشل میڈیا پر معاملات کا پرچار زور و شور سے کیا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی حلقوں میں پارٹی بیانیے کو گھر گھر پہنچائیں گے، ملک میں ہوشربا مہنگائی اور حکومتی ناکام معاشی پالیسیوں کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔
عمران خان کی زیرصدارت زمان پارک میں مشاورتی اجلاس میں اہم فیصلے#ARYNews pic.twitter.com/qsEKM152Yq
— ARY NEWS (@ARYNEWSOFFICIAL) November 15, 2022
اس کے علاوہ پی ٹی آئی نے حکومت کے خلاف جاری تحریک کو یوسی کی سطح پر لے جانے کا فیصلہ کیا۔ حقیقی آزادی مارچ پنڈی کے لیے پنجاب بھر کی یوسی کو ٹاسک دیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے حکومت کو عام انتخابات پر مجبور کرنے کے لیے عوامی دباؤ مزید بڑھایا جائے گا، راولپنڈی میں 15 سے 20 لاکھ لوگ لانے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی، کمیٹیوں کی کارکردگی کی رپورٹ عمران خان کو روزانہ کی بنیاد پر دی جائے گی۔