تازہ ترین

عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو احتجاجاً پورا ملک جام کردیں گے، پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کی دھمکی

لاہور : رکن سندھ اسمبلی صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے کہا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو احتجاجاً پاکستان میں اپنی ٹرانسپورٹ کو وہیں روک دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق رکن سندھ اسمبلی صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان کی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے اہم ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت پی ٹی آئی کے رہنماوٴں کی گرفتاری اور کراچی حیدرآباد بلدیاتی الیکشن کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

عمران خان نے ملک شہزاد اعوان کو انکی کاوشوں پر خراج تحسین پیش کیا۔

ملک شہزاد اعوان نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب ہدایت کریں میرے لیے کیا حکم ہے،میں نے اپنا لائحہ عمل تیار رکھا ہے، یہ آپ کو گرفتار کرنے کی ہمت اور طاقت نہیں رکھتے، آپ کو گرفتار کیا گیا تو احتجاجاً پاکستان میں اپنی ٹرانسپورٹ کو وہیں روک دیں گے۔

ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کو آپ سے بہت امید ہیں، خوشحال پاکستان کے لیے آپ ہماری آخری امید ہیں،ہم آپ کی حفاظت کو پاکستان کے مستقبل کی حفاظت سمجھتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ میانوالی کے لوگوں سمیت کراچی اور پاکستان کے مختلف لوگ آپ کی کال کے انتظار میں ہیں۔

بعد ازاں ملک شہزاد اعوان نے ٹرانسپورٹرز اور میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین عمران کی گرفتاری پر اپنا لائحہ عمل انہیں پیش کردیا ہے، میں اپنی ٹرانسپورٹ برادری کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،لاہور کی ٹرانسپورٹ برادری کل سے عمران خان کی ممکنہ گرفتاری پر سراپا احتجاج ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ اگر یہ چاہتے ہیں کہ پورا پاکستان جام ہوجائے تو آکر خان صاحب کو گرفتار کر لیں،قوم اس امپورٹڈ حکومت کے نمائندوں کو سڑکوں پر گھسیٹے گی، ہم خون کے آخری قطرے تک اپنے چیئرمین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

Comments

- Advertisement -