اسمارٹ فون اور کمپیوٹر پر کھیلے جانے والے معروف گیم پب جی PUBG نے سیزن 9 کا ٹیزر جاری کردیا۔
ملٹی پلیئر آن لائن بیٹل گراؤنڈز (پب جی) انتظامیہ کی جانب سے جاری ہونے والے سیزن 9 کے ٹیزر میں نیا ’ڈائنامک میپ، حقیقی فائر ورکس، پہلے سے جاندار گرافکس اور دیگر فیچرز دکھائے کیے گئے ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ سیزن 9 میں شامل کیا جانے والا والکانو میپ (آتش فشاں والا نقشہ) رواں ماہ کے آخر تک گیم کھیلنے والوں کے لیے متعارف کرادیا جائے گا۔
پب جی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یہ میپ لینڈ اسکیپ میں ہے، جس کو استعمال کرنے والے صارفین کو گیم کھیلنے میں پہلے سے زیادہ مزہ آئے گا اور وہ اپنے ہدف کو آسانی سے تلاش کر کے نشانہ بنا سکیں گے۔
کچھ صارفین کا ماننا ہے کہ پب جی کا نیا نقشہ کراکین بلیک زون سے مماثلث رکھتا ہے کیونکہ اُس میں بھی عمارتوں سمیت دیگر مقامات دکھائے گئے تھے۔
پب جی نے منتخب بلاگرز اور گیمرز کو اس نقشے تک رسائی دے دی ہے، کامیاب آزمائش کے بعد سے تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔
ٹیزر کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ اگلے سیزن میں کھلاڑیوں کو گاڑی اور موٹرسائیکل کی طرح ہیلی کاپٹر بھی دستیاب ہوگا۔
پب جی انتظامیہ کے مطابق سیزن 9 سب سے پہلے کمپیوٹر پر گیم کھیلنے والے صارفین کے لیے 21 اکتوبر کو متعارف کرایا جائے گا، بعد ازاں پلے اسٹیشن اور پھر موبائل صارفین کے لیے یہ دستیاب ہوگا۔
گیم کیسے کھیلا جاتا ہے؟
اس گیم میں دو ٹیموں کا آپس میں مقابلہ ہوتا ہے، ایک کھلاڑی سے لے کر 100 کھلاڑیوں تک کی ٹیم ہوتی ہے جو انٹرنیٹ کے ذریعے ایک دوسرے سے جڑتی ہے۔
دونوں ٹیموں کے کھلاڑی جہاز سے زمین پر اتر کر پہلے اسلحہ تلاش کرتے ہیں اور پھر سامنے والے کھلاڑی کو فائرنگ کر کے مارتے ہیں۔ آخر میں زندہ رہنے والے فاتح کھلاڑی کو اعزاز میں ’چکن ڈنر‘ دیا جاتا ہے۔
دوسری جانب کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ گیم کھیلنے والے صارفین کی تعداد 20 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے جس میں سے سب سے زیادہ تعداد 5 کروڑ بھارت سے ہے۔