اتوار, جولائی 7, 2024
اشتہار

یکم محرم الحرام کو عام تعطیل کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں یکم محرم الحرام کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔

سرکاری تعطیل کا اعلامیہ چیف سیکرٹری کی جانب سے جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ یکم محرم الحرام کی تعطیل چاند کی رویت سے مشروط ہے۔

محرم الحرام کا چاند دیکھنے کیلیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 6 جولائی کو طلب کیا گیا ہے جس میں نئے اسلامی سال کے اغاز کا اعلان کیا جائے گا۔

- Advertisement -

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا محمد عبدالخبیر آزاد اجلاس کی صدارت کریں گے۔

اسی طرح زونل کمیٹیوں کے اجلاس متعلقہ ہیڈکوارٹرز میں ہوں گے۔ اجلاس میں چاند کی رویت کا فیصلہ کیا جائے اور چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نئے اسلامی سال کے اغاز کا اعلان کریں گے۔

نیا اسلامی سال اور ماہ شروع ہوتے ہی ملک بھر میں شہدا کربلا کی یاد میں مجالس اور جلوسوں کا اہتمام کیا جائے گا۔

وفاقی و صوبائی حکومتوں نے امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کیلیے سکیورٹی کے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔

آج وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیرِ صدارت محرم الحرام سے متعلق اجلاس ہوا جس میں سکیورٹی اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیر اعلیٰ کو محرم الحرام میں امن و امان برقرار رکھنے کیلیے مرتب پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ صوبے کے چودہ اضلاع میں محرم الحرام کی مجالس اور جلوس منعقد ہوں گے۔

ان کو بریفنگ دی گئی کہ سکیورٹی تناظر میں 8 اضلاع حساس ترین جبکہ 6 حساس قرار دیے گئے ہیں، محرم کے دوران سکیورٹی کیلیے کل 40 ہزار سکیورٹی عملہ تعینات کیا جائے گا، مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کیلیے ایف سی اور پاک فوج کے خصوصی دستے بھی تعینات ہوں گے۔

علاوہ ازیں، جلوسوں اور مجالس کی مؤثر انداز میں مانیٹرنگ کیلیے محکمہ داخلہ میں سنٹرل کنٹرول روم قائم ہوگا جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی، اسلحہ کی نمائش، ڈبل سواری اور نفرت انگیز  وال چاکنگ پر پابندی عائد ہوگی۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، محرم کے دوران حساس اضلاع اور مقامات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے، محرم میں سکیورٹی کیلیے درکار مالی وسائل ترجیحی بنیادوں پر جاری کیے جائیں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلیے علمائے کرام اور منتخب عوامی نمائندوں کی خدمات حاصل کی جائیں، شدید گرمی کے پیش نظر جلوسوں کے راستوں پر ٹینٹس لگائے جائیں، بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کیلیے پیسکو اور ٹیسکو حکام کو آن بورڈ کیا جائے، 8، 9 اور 10 محرم کو جلوس کے راستوں پر سبیلوں کا خصوصی انتظام کیا جائے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں