کراچی: سندھ حکومت نے پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے قواعد و ضوابط جاری کردیے جس کے مطابق بسوں میں سفر کرنے والے تمام مسافروں کو ماسک لازمی لگانا ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے تیار کیے جانے والے ایس او پیز میں ٹرانسپورٹرز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ گاڑیوں کے شیشے کھول کر رکھیں تاکہ تازہ ہوا کا گزر ہوسکے۔
ایس او پیز کے مطابق بسوں میں سوار ہونے والے تمام مسافروں کے درمیان تین فٹ فاصلہ اور ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ سفر کے دوران ڈرائیورز بھی ماسک لگانے اور دستانے پہننے کے پابند ہوں گے۔
مزید پڑھیں: لاک ڈاؤن : سندھ کے شہروں کے اندر پبلک ٹرانسپورٹ پر بھی پابندی عائد
قواعد و ضوابط کے مطابق ہر مسافر کی بس میں داخل ہونے سے قبل تھرمل اسکیننگ کی جائے گی اور اُس کا بخار چیک کیا جائے گا، سفر سے قبل گاڑی میں جراثیم کش اسپرے لازمی کرنا ہوگا۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل ٹرانسپورٹ اتحاد کے چیئر مین ارشاد بخاری نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا تھاکہ وہ پبلک ٹرانسپورٹ کو سڑکوں پر آنے کی اجازت دے بصورت دیگر پانچ مئی سے تمام گاڑیاں سڑکوں پر نکال لیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: جب تک لاک ڈاؤن ہے، ٹرانسپورٹ نہیں کھولی جائے گی، سندھ حکومت کا اعلان
سندھ حکومت نے تاجر اتحاد کے ساتھ معاملے پر بیٹھک کی جس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی موجود تھے، انہوں نے وزیرٹرانسپورٹ کو ایس او پیز مرتب کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔