لاہور : تحریک انصاف نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں ن لیگ پر دھاندلی کےالزامات لگاتے ہوئے کہا نااہل وزیر اعظم اور وزیراعلی جیت کے لیے پورا زور لگا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی سیشن کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان سمیت دیگر رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کی۔
فیاض الحسن چوہان نے الزام عائد کیا کہ پنجاب کے ضمنی انتخاب میں دھاندلی کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ، ن لیگ کا بیس ہزار بیلٹ پیپرز پر ٹھپے لگانے کا پروگرام ہے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نااہل وزیر اعظم اور وزیر اعلی پورا زور لگا رہے ہیں ، تمام محکموں کو کھل کر استعمال کیا جارہا ہے لیکن ہم دھاندلی نہیں ہونے دیں گے اور 17جولائی کو ہم کامیاب ہوں گے۔
اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما راجہ بشارت نے کہا ضمنی الیکشن کے موقع پر انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ،ن لیگ جس پر چاہتی ہے مقدمہ درج کرادیتی ہے۔
راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ مونس الہی پر بھی دباؤ ہے مگر وہ عمران خان کا ساتھ چھوڑنے کیلئے تیار نہیں ، ہم اپنے قائد عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور پی ٹی آئی رہنماؤں کے حوصلے بلند ہیں۔