نئی دہلی : بھارتی پنجاب کے ریاستی الیکشن میں کانگریس کی بدترین شکست کے بعد نوجوت سنگھ سدھو نے کمیٹی کی صدارت استعفیٰ دے دیا، سدھو خود اپنی نشست جیتنے میں بھی کامیاب نہ ہوسکے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست پنجاب میں کانگریس کے رہنما نوجوت سنگھ سدھو انتخابات میں شکست کے بعد پردیش کانگریس کمیٹی پنجاب کی صدارت سے مستعفی ہو گئے۔
کانگریس رہنما نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا استعفیٰ شیئر کرتے ہوئے کہا کانگریس صدر کی خواہش کے مطابق میں نے اپنا استعفیٰ بھیج دیا ہے۔
As desired by the Congress President I have sent my resignation … pic.twitter.com/Xq2Ne1SyjJ
— Navjot Singh Sidhu (@sherryontopp) March 16, 2022
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سدھو نے سونیا گاندھی کی ہدایت پر پارٹی صدارت سے استعفیٰ دیا، پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی خراب کارکردگی کےبعد سونیا گاندھی نے مذکورہ ریاستوں کے پارٹی صدور کو استعفیٰ دینے کی ہدایت کی تھی۔
مذکورہ ریاستوں میں اتر پردیش، اتر کھنڈ، پنجاب، گوا اور منی پور شامل ہیں تاکہ پارٹی کی تنظیمِ نو آسان بنائی جا سکے۔
اس سے قبل اتر کھنڈ، گوا، اتر پردیش میں کانگریس کمیٹی کے سربراہ انتخابات میں شکست تسلیم کرتے ہوئے پہلے ہی استعفیٰ دے چکے ہیں۔
یاد رہے بھارت کی پانچ ریاستوں میں ریاستی انتخابات میں سب سے بڑی ریاست اترپردیش (یوپی) میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو برتری حاصل ہے، بی جے پی کواترپردیش کی 403 نشستوں میں سے 274 پر کامیابی ملی۔
بھارتی پنجاب میں نئی دہلی کی عام آدمی پارٹی نے کانگریس کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 92 نشستوں کامیابی حاصل کی۔