جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

پنجاب حکومت کا صوبے میں مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: کرونا کے بڑھتے کیسز کے باعث پنجاب حکومت نے صوبے میں مکمل لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کی زیر صدارت صوبے میں کرونا صورتحال پر اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب حکومت آٹھ مئی سے صوبے میں مکمل لاک ڈاؤن کرنے جارہی ہے، فیصلے کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران نقل وحرکت محدود ، پبلک ٹرانسپورٹ اور سیاحتی مقامات بند رہیں گے جبکہ شہروں کے داخلی، خارجی راستوں پر چیک پوائنٹس قائم کئے جائیں گے، چیک پوائنٹس پر پولیس، رینجرز اور فوج تعینات کی جائے گی۔

اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ کرونا پر قابو پانے کیلئے پندرہ سے بیس دن نہایت اہم ہیں، عوام عید سادگی سے منائیں اور کرونا پر قابو پانے کیلئے حکومتی کوششوں کاساتھ دیں اس کے ساتھ ساتھ احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے ذمہ دار شہری کا ثبوت دیں۔

- Advertisement -

اجلاس میں مکمل لاک ڈاؤن کے حوالے سے چیف سیکریٹری پنجاب کا کہنا تھا کہ عید پر زیادہ چھٹیوں کا مقصد لوگوں کی نقل وحرکت کو محدود کرنا ہے، شہری عید کی چھٹیوں کے دوران غیر ضروری سفر سےگریز کریں، این سی او سی ہدایت پر پارکس،سیاحتی مقامات کو بند رکھا جائے اور کرونا سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر کی اہمیت سے متعلق شعور اور آگاہی کو بڑھایاجائے۔

یہ بھی پڑھیں: کرونا وائرس: ملک میں مزید 4 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ

واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 4 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 119 مزید اموات ہوئیں، ان میں سے 58 مریض پنجاب میں جاں بحق ہوئے۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 4 ہزار 113 کیسز رپورٹ ہوئے، ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 8 لاکھ 41 ہزار 636 ہوچکی ہے، نیشنل کمانڈ سینٹر کے مطابق کرونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 38 ہزار 727 ہوچکی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں