لاہور: پنجاب حکومت نے ہائر ایجوکیشن کےسرکاری اداروں میں 2 فیصد اقلیتی نشستیں مخصوص کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ہائرایجوکیشن کے سرکاری اداروں میں2 فیصد اقلیتی نشستیں مخصوص کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں ایل ڈی اے پرائیویٹ ہاؤسنگ اسکیمز رولز 2014 میں ترمیم اور ایل ڈی اے لینڈیوز رولز 2019 کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔کابینہ نے صوبے میں غیر ضروری اخراجات پر پابندی عائدکر دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس میں سخت مالیاتی ڈسپلن نافذ کرنے اور نئی ضمنی گرانٹس کے اجرا پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا جبکہ تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی معمول کےم طابق جاری رہے گی۔کابینہ کی قائمہ کمیٹی نے قانون سازی کے ٹرمز آف ریفرنس میں ترمیم کی منظوری دے دی۔
اس موقع پر سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت کا سفر جاری و ساری رہے گا،کسی کو عوامی خدمت کے سفر میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے، کرپشن کےخلاف زیروٹالرنس کی پالیسی جاری رہے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پوری ٹیم کو ساتھ لےکر چلوں گا،صوبے میں گڈ گورننس کے لیے آخری حد تک جاؤں گا۔
سردار عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ عوام کوسہولت دینے کے لیے سروس ڈلیوری مزید بہتر بنائیں گے،سیاسی و انتظامی ٹیم فیلڈ میں نکل کر عوام کے مسائل کے حل کو ترجیح دے،اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔