لاہور: صوبہ پنجاب کے مختلف شہر شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں اور حد نگاہ کم ہونے کے باعث موٹروے کے کئی سیکشنز گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کردیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں جس کے باعث معمولات زندگی متاثر ہے۔
قومی شاہراہ پراوکاڑہ، ساہیوال، پتوکی، حبیب آباد اور رینالہ میں شدید دھند ہے، فیروزوالا، کالا شاہ کاکو، مریدکے اورشیخوپورہ میں حد نگاہ صفر سے 50 کلومیٹر تک ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق خانیوال ملتان موٹروے شدید دھند کے باعث بند ہے، لاہور سے شیخوپورہ اورکوٹ مومن تک موٹروے ہرطرح کی ٹریفک کے لیے بند ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ایم فورپنڈی بھٹیاں، فیصل آبادا ورگوجرہ موٹروے شدید دھند کی وجہ سے بند ہے۔
ترجمان موٹروے نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ شہری گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موٹروے پرسفر سے قبل موٹروے ایپلی کیشن ایف ایم 95 ریڈیو اور ہیلپ لائن 130 سے مدد لیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، کوئٹہ میں منفی 3، پشاور اور اسلام آباد میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ لاہور میں 2 اور کراچی میں 12 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔