لاہور : حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں آٹے اور چینی کے سرکاری ریٹ مقرر کردیئے، جس کے مطابق 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 808روپے جبکہ چینی کی فی کلو قیمت70روپے فروخت کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق سول سیکرٹریٹ میں ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول کا اجلاس ہوا، جس میں20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 808روپے، چینی کی فی کلو قیمت70روپے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فروخت نہ ہونے پر اظہار ناراضگی بھی کیا۔
میاں اسلم اقبال نے کہا کہ گھی اور آئل کی قیمتوں میں کمی کیلئے گھی مینو فیکچرز سے بات کی جائے، مقررہ نرخوں سے زائد پر اشیائے ضروریہ کی فروخت اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں وہی افسر رہے گا جو عوام کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنائے گا، آٹے کے تھیلے اور گھی کے پیکٹ پر مقررہ قیمت کا اندراج اور اس قیمت پر فروخت کو یقینی بنایا جائے۔