لاہور: پنجاب پولیس ہائی الرٹ ہو گئی ہے، اور گرجا گھروں کی سیکیورٹی انتظامات بڑھانے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی عباداتی دعائیہ پروگرام کے سلسلے میں پنجاب پولیس کو ہائی الرٹ کیا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو گرجا گھروں کی سیکیورٹی انتظامات بڑھانے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ افسران مسیحی عبادت گاہوں اور دیگر اہم مقامات کے سیکیورٹی انتظامات خود چیک کریں۔
آئی جی پنجاب نے یہ ہدایت بھی کی ہے کہ حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری اور اسنائپرز تعینات کیے جائیں، ڈولفن اسکواڈ، پی آر یو، ایلیٹ ٹیمیں گرجا گھروں کے گرد مؤثر پٹرولنگ کریں، اور تعینات پولیس افسران اور جوان الرٹ رہیں، اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔
ڈاکٹر عثمان انور نے اپنے پیغام میں کہا کہ علمائے کرام، مسیحی کمیونٹی، اور امن کمیٹیوں کے ارکان بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیں۔