راجن پور : روجھان میں پنجاب پولیس کو بڑی کامیابی مل گئی، کچہ جمال کے علاقہ سے ڈاکوؤں کا قبضہ چھڑا لیا گیا ہے۔
پنجاب کے ضلع راجن پور میں پولیس کو کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن میں بڑی کامیابی ملی ہے ترجمان کے مطابق پنجاب پولیس نے کچہ جمال کے علاقہ سے ڈاکوؤں کا قبضہ ختم کروا لیا ہے۔
کارروائی کے دوران ڈاکوؤں کے تمام ٹھکانوں اور کمین گاہوں کو آگ لگا کر تباہ کردیا گیا۔ گرینڈ آپریشن کے دوران دوخطرناک ڈاکو عبدالرحمان عرف بگا اور بہادر سیدانی ہلاک ہوئے، فائرنگ کے تبادلے میں تین ڈاکو بھی شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پانچ ڈاکوؤں نے اسلحہ سمیت خود کو پولیس کے حوالے کردیا ہے۔ گرفتار ڈاکو قتل ،اغوا اور ڈکیتی کے درجنوں مقدمات میں مطلوب تھے۔
یہ علاقہ نو سال سے ڈاکوؤں کے قبضے میں تھا، گرینڈ آپریشن کے دوران ایک مغوی محمد آصف کو بھی بازایاب کرا لیا گیا۔
محمد آصف کو عمرانی گینگ نے کچھ روز قبل بیمار جانوروں کا معائنہ کرنے کے لیے بلا کر اغوا کیا تھا۔ گرینڈ آپریشن میں پنجاب پولیس ایلیٹ فورس کے کمانڈوز نے بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ حصہ لیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ مارچ میں بھی پنجاب پولیس نے کچے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی کرکے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق روجھان پولیس کی جانب سے راجن پور کچہ کے علاقے روجھان میں عمرانی گینگ اور لونڈ گینگ کے ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے چک عمرانی میں کارروائی کی گئی تھی۔ پولیس کی پیش قدمی پر ڈاکو دریا کے راستے فرار ہوگئے بعد ازاں جن میں سے دو ڈاکو گرفتار کرلیے گئے۔