اسلام آباد: پیپلز پارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب میں پاور شیئرنگ فارمولے سے متعلق غیر سنجیدہ ہے، اور انھیں انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی پی اور ن لیگ میں پنجاب کے امور پر برف پگھل نہیں سکی ہے، اور صوبے میں پاور شیئرنگ فارمولے پر دونوں میں ڈیڈلاک برقرار ہے۔
پی پی ذرائع کے مطابق پنجاب پاور شیئرنگ فارمولے پر عمل درآمد شروع نہیں ہوا، ن لیگ پنجاب کے حوالے سے مناسب رسپانس نہیں دے رہی ہے، دونوں پارٹیوں کی رابطہ کمیٹیوں میں 4 ملاقاتیں ہوئیں جو بے نتیجہ رہیں، ذرائع نے بتایا کہ ن لیگ رابطہ کمیٹی سے ملاقاتیں نشستن، گفتن، برخاستن تھیں۔
پی پی ذرائع کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ ن لیگ پنجاب پاور شیئرنگ فارمولے سے متعلق غیر سنجیدہ ہے، جس نے پی پی کو مایوس کر دیا ہے، پارٹی قیادت کو بھی ن لیگ کے غیر سنجیدہ رویے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ذرائع نے کہا ن لیگ کی غیر سنجیدہ رویے کے ساتھ بات چیت بے سود رہے گی۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب میں پی پی ورکرز کے خلاف انتقامی کارروائیاں بھی جاری ہیں، اور ن لیگ پنجاب میں پیپلز پارٹی کو اسپیس نہیں دے رہی، پیپلز پارٹی کو ضلعی سطح پر قائم شدہ کمیٹیوں میں بھی شامل نہیں کیا جا رہا، نہ ہی پنجاب کی انتظامیہ کو پی پی کا خیال رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے اراکین پنجاب اسمبلی آئندہ بجٹ میں نظر انداز ہو رہے ہیں، اور انھیں تاحال فنڈز جاری نہیں کیے گئے۔