لاہور میں حکومتی اعلان کے باوجود نجی تعلیمی ادارے بند نہ کرنے کیخلاف ایجوکیشن اتھارٹی نے کارروائی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسموگ پر حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر 13 اسکولز کو بند کر کے شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔
حکام کی جانب سے شاہدرہ، والٹن، ای ایم ای سوسائٹی، مناواں، داروغہ والا، فیروزپور روڈ پر کارروائیاں کر کے خلاف ورزی کرنے والے اسکولز کو بند کر دیا گیا۔
شوکاز جاری کیے گئے نجی اسکولوں کو11 نومبر تک جواب جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سی ای او ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ حکومتی احکامات پر عمل درآمد ضرور کروائیں گے اور خلاف ورزی کرنیوالے اسکولوں کی رجسٹریشن منسوخ کریں گے۔
پنجاب کے مختلف اضلاع میں اسموگ کے پیش نظر تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
ڈی جی ماحولیات پنجاب نے تعلیمی اداروں کی بندش کا نوٹی فکیشن جاری کیا ، جس میں کہا ہے کہ ااسکولز بند رہنے کے فیصلے کا اطلاق 7 سے 17 نومبر تک ہوگا، اس دوران نجی و سرکاری اسکولز بارہویں جماعت، اے لیولز تک بندرہیں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ تمام اسکولز آن لائن کلاسز پر منتقل ہوں گے، فیصلے کا اطلاق لاہور، شیخوپورہ، قصور، ننکانہ صاحب پر ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ گوجرانوالہ، گجرات، حافظہ آباد، منڈی بہاالدین ،سیالکوٹ ،نارووال ،فیصل آباد، چنیوٹ ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، لودھران، وہاڑی، خانیوال میں بھی اسکولز بند رہیں گے۔