لاہور: صوبہ پنجاب کے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے شاپنگ مالز اور مارکیٹس کھولنے سے متعلق وائرل ہونے والے نوٹی فکیشن پر وضاحت جاری کردی۔
پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے ترجمان کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ شاپنگ مالز، مارکیٹیں کھولنے کا نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا گیا۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ صوبے بھر کے شاپنگ مالز کی بندش برقرار رہے گی اور ابھی انہیں کھولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا نوٹی فکیشن جعلی ہے۔
ہیلتھ کیئر پنجاب کے ترجمان نے دکانداروں، کاروباری افراد کو متنبہ کیا کہ جعلی نوٹی فکیشن کی بنیاد پر اپنے کاروبار نہ کھولیں اور کسی بھی خبر یا نوٹی فکیشن کی تصدیق کے لیے ہیلپ لائن نمبر 1033 پر رابطہ کریں، اس کے علاوہ فیس بک آفیشل پیج، ٹویٹر اکاؤنٹ کو بھی فالو کریں۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں رات 12 بجے لاک ڈاون کا خاتمہ، نوٹیفکیشن جاری
یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں نافذ ہونے والے اسمارٹ لاک ڈاؤن کو پانچ اگست کے بجائے 3 اگست کو ختم کرنے اعلان کیا تھا جس کا باضابطہ نوٹی فکیشن بھی جاری کیا گیا۔
مذکورہ نوٹی فکیشن پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے سیکریٹری نے جاری کیا تھا۔
حکومت نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے خاتمے کا فیصلہ مویشی منڈیوں میں کرونا کیسز رپورٹ نہ ہونے اور وہاں سے لیے گئے سیمپلز کے حوصلہ افزا نتائج آنے پر کیا تھا۔