لاہور : پنجاب حکومت نے دھند کے باعث صوبے کے تین شہروں میں اسکولوں میں دو چھٹیوں کا اعلان کردیا، محکمہ تعلیم پنجاب نے صوبائی وزیر تعلیم کی ہدایت پر اعلامیہ جاری کیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے شدید دھند کے باعث اگلے دو روز کے لیے اسکولوں کی بندش کا اعلان کردیا ہے، ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق اسکولوں میں جمعہ اور ہفتہ کے روز دو چھٹیوں کا اطلاق پنجاب کے تین شہروں لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں ہوگا۔
محکمہ تعلیم کے مطابق آئندہ چند روز میں اسموگ بڑھنے کا خدشہ ہے ، اسکول بند رکھنے کا فیصلہ بھی بچوں کی صحت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
محکمہ تعلیم پنجاب کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں15 اور16 نومبر کو اسکول بند رہیں گے18 نومبر بروز پیر سے تعلیمی ادارے دوبارہ کھلیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اور آج دھند نے لاہور شہر کو اپنی لپیٹ میں لیے رکھا، جس کے نتیجے میں لاہور کے شہریوں میں گلے اور آنکھوں کے امراض میں اضافہ ہوگیا ہے۔
دریں اثناء بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں بھی فضائی آلودگی کے اضافے کے سبب عدالتی احکامات پر اسکول دو دن کے لیے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
فضائی آلودگی، بھارت ممیں بھی اسکول 2 دن کے لیے بند
بھارت سمیت جنوبی ایشیا میں فضائی آلودگی نے اپنے پنجے گاڑے ہوئے ہیں جس کے باعث متعدد ممالک اس کے سدباب کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔
بھارتی سپریم کورٹ نے انسداد فضائی آلودگی اتھارٹی کی رپورٹ کے بعد حکم دیا کہ نئی دہلی میں اسکولوں کو دو دن کے لیے بند کرکے ایمرجنسی نافذ کی جائے۔