لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو پہلے سندھ حکومت کی کارکردگی بہتر بنائیں، پنجاب نعروں سے نہیں کارکردگی سے فتح ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے میڈیا سے غیر رسمی کفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نےخیبرپختونخوا میں کارکردگی دکھائی تو پنجاب نے ہمیں ووٹ دیا۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو پہلے سندھ حکومت کی کارکردگی بہتر بنائیں، پنجاب نعروں سے نہیں کارکردگی سے فتح ہوگا۔اپوزیشن لیڈر سے متعلق گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو وطن واپس آنا چاہیے، شہبازشریف واپس آکر اپنا کردار ادا کریں۔
چوہدری محمد سرور نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان انتظار کریں ہم جانے والے نہیں، ہم جاننا چاہتے ہیں ان کو حکومت جانے کی یقین دہانی کس نے کرائی۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں صبر ضروری ہے، بےشک حکومتی مدت آئین میں ترمیم کر کے تین یا چار سال کرلیں، ن لیگ، پی پی نے دور حکومت مکمل کیا، ہم بھی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان کو مشورہ ہے ملک کو استحکام کی ضرورت ہے مارچ کی نہیں، برے دن گزر گئے اب حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔