اسلام آباد : پاکستان کی جانب سے روس سے سستے تیل و گیس کی خریداری کے معاملے پر اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، پاکستان اور روس کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق روس سے سستے تیل اور ایل این جی کی خریداری کے معاملے پر پاکستان اسٹریم گیس پائپ لائن پر تین روزہ مذاکرات کا پہلا دور کامیاب رہا۔
روس سے تیس فیصد خام تیل اور دیگر مصنوعات کی خریداری کے طریقہ کار طے کرنے کے معاملے پر تین روزہ اجلاس کی صدارت روسی وزیرِ توانائی نکولائی شلگنوو نے کی جبکہ پاکستان کی نمائندگی سردارایاز صادق نے کی۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکرات کے تکنیکی سیشن میں دونوں ممالک کی جانب سے مختلف شعبوں سے متعلق اعداد و شمار کا تبادلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات کے دوران روس سے تیل اور گیس کی درآمدی قیمت سے متعلق معلومات فراہم کی گئیں، تیل و گیس کے قلیل، وسط اور طویل المدتی روڈ میپ تیاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس پاکستانی وفد نے ملک میں تیل اور گیس کی رسد اور طلب کا ڈیٹا فراہم کیا، تیل و گیس کی فراہمی کی شرائط، قیمت،مقدار پر ورکنگ پیپر تیار کرنے پر اتفاق رائے پایا گیا۔
ذرائع کے مطابق آج پہلے روز ماہرین کی سطح پر مذاکرات ہوئے جو بین الحکومتی کمیشن کی سطح پر ہو رہے ہیں جب کہ کل ہونے والے اجلاس میں دونوں ممالک کے وزراء بھی شریک ہوں گے۔
مزید پڑھیں : روس سے تیل اور گیس کی خریداری : مذاکرات آج ہوں گے
یاد رہے کہ روس سے سستی پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری کی صورت میں پاکستان کو سالانہ دو ارب ڈالر کا زرِ مبادلہ بچے گا۔ پاکستانی ریفائنریاں روسی خام تیل سے پیٹرولیم کی پیداوار ممکن قرار دے چکی ہیں، اٹھارہ سے بیس جنوری تک ہونے والے اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات اور گیس کی خریداری کیلئے معاہدے متوقع ہیں۔