تازہ ترین

برطانوی جاسوس کو زہر دینے کا الزام بے بنیاد اور من گھڑت ہے، پیوٹن

ماسکو: روس کے نو منتخب صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا ہے کہ برطانوی جاسوس اور ان کی بیٹی کو زہر دئیے جانے کا الزام بے بنیاد اور من گھڑت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دوبارہ صدر منتخب ہونے کے بعد پہلی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، پیوٹن نے کہا کہ روس میں فٹ بال ورلڈ کپ سے قبل ایسے کسی اقدام کی اجازت نہیں دی جاسکتی، ماسکو پر سابق برطانوی ایجنٹ سیرگی سکریپل کو زہر دینے کا الزام بے بنیاد ہے۔

روسی صدر نے کہا کہ جس اعصابی گیس کا ذکر برطانیہ کی جانب سے کیا جارہا ہے ماسکو کے پاس وہ گیس موجود ہی نہیں، اگر یہ گیس استعمال ہوتی تو ایک یا دو افراد نہیں بہت سے لوگ متاثر ہوتے۔

2024ء میں بھی روس کے صدر کے امیدوار بننے کے سوال کے جواب میں پیوٹن نے کہا کہ مجھے گنتی کرنے دیں، کیا میں اس وقت بھی روس کا صدر ہوں گا جب میری عمر سو برس سے زائد ہوجائے گی۔

آخر میں پیوٹن نے اپنے ووٹرز کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے انہیں چوتھی بار روس کا صدر منتخب کروایا، روسی صدر نے وہاں پر موجود لوگوں کے ساتھ مل کر روس، روس کے نعرے بھی لگائے۔

یہ پڑھیں: روس کا برطانیہ کے 23 سفارت کاروں کو ملک بدر کرنے کا اعلان

واضح رہے کہ روس اور برطانیہ کے درمیان برطانوی جاسوس کو زہر دینے کے واقعے کو لے کر حالات کشیدہ ہیں، دونوں ملکوں کی جانب سے سفیروں کو ملک بدر کرنے کے اعلانات کئے جاچکے ہیں۔

یاد رہے کہ برطانوی جاسوس سیرگی سکریپل اور ان کی بیٹی اس وقت برطانیہ کے ایک اسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔

Comments

- Advertisement -