اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ مصطفیٰ کمال نے سنجیدہ الزامات لگائے ہیں جن کی تحقیقات ہونی چاہیے اور سیاست میں مداخلت کا کام بند ہوجانا چاہیئے.
وہ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ملک میں اتحادوں کا دورچل رہا ہے لیکن یہ بات سمجھ لینی چاہیئے کہ زیرو جمع زیرو، زیرو ہی ہوتا ہے اس لیے کسی مہم جوئی سے کوئی نتیجیہ نہیں نکلنا.
پیپلز پارٹی کے رہنما کا مزید کہنا تھا کہ حقائق سب کے سامنے ہیں اور اب تو حدیبیہ پیپرز ملز کیس بھی کھل گیا ہے جس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز سمیت کئی دیگر لوگ نا اہل ہوجائیں گے.
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ منتخب حکومت انتخابات کے ذریعے ہی آئے گی اورموجودہ صورت حال میں ملک میں کسی ٹیکنوکریٹ سیٹ اپ کی کوئی گنجائش نہیں ہے.
انہوں نے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ (ن) آئندہ ہونے والے انتخابات کے التوا کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے اوراپنی کرپشن چھپانے کے لیے جمہوری نظام کی بساط الٹنے سے بھی باز نہیں آ رہی ہے.
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے قیادت نے جمہوریت کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیئے ہیں اور آج بھی جمہوریت کے خلاف سازش کے سامنے سینہ سپر ہے.
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔