قمبر: سیلاب متاثرین کے لئے آیا سامان ہڑپ کرنے کی کوشش کو عدالت نے ناکام بنادیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے ضلع قمبر شہدادکوٹ میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے رائس مل کے گودام پر چھاپہ مارا، اس دوران بڑی تعداد میں سیلاب متاثرین کے خیمے اور دیگر امدادی سامان برآمد کیا گیا۔
سیشن جج کے مطابق واقعے میں دو ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا جن میں پیپلز پارٹی کا مقامی کونسلر اور رائس مل گودام کا مالک شامل ہے۔
پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ امدادی سامان گنتی کرکے چاولوں کی فیکٹری کو سیل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ امدادی سامان بیرون ملک سے براہ راست ملا تھا جسے تقسیم کیا جانا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: گوگل بھی پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کو میدان میں آگیا
اس سے قبل خیرپور سے خبر سامنے آئی تھی کہ سیلاب متاثرین کے ہر خاندان کو 25 ہزار کے بجائے 23 ہزار روپے دیئے جا رہے ہیں۔
جس پر وفاقی وزیر شازیہ مری نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی رقم سے کٹوتی جیسے سنگین جرم کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔