ملتان : قندیل بلوچ قتل کیس کے مفرور ملزم مقتولہ کے بھائی عارف کو سعودی عرب سے انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرکے ملتان پہنچا دیا گیا، ملزم سے متعلق الگ چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس میں مفرور ملزم عارف کو انٹر پول پولیس نے سعودی عرب سے گرفتار کرلیا، مقتولہ قندیل بلوچ کے بھائی عارف کو ملتان کے پولیس اسٹیشن مظفرآباد کے حوالے کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عدالت نے سعودی عرب میں مقیم ملزم عارف کو اشتہاری قرار دیا تھا، قندیل بلوچ قتل کیس میں ملزم عارف کے جرم کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔
پولیس ملزم عارف کے حوالے سے علیحدہ چالان عدالت میں پیش کرے گی، یاد رہے کہ ماڈل قندیل بلوچ کو پندرہ جولائی دو ہزار سولہ کو قتل کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: قندیل بلوچ کو قتل کرنے والے بھائی کو عمر قید کی سزا ، مفتی عبدالقوی بری
واضح رہے کہ عدالت نے اداکارہ قندیل بلوچ قتل کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم اور مقتولہ کے بھائی وسیم کو عمرقید کی سزا سنا چکی ہے جبکہ مفتی عبدالقوی سمیت چارملزمان کوعدم ثبوت کی بناپربری کر دیا گیا تھا۔
گزشتہ روز عدالت نے فریقین کے دلائل اور گواہوں کے بیانات اور جرح مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔