اسلام آباد : قطری سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمان الثانی نے وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کو دوحہ فورم میں شرکت کی دعوت دے دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی سےقطرکےسفیرشیخ سعودبن عبدالرحمان الثانی کی ملاقات ہوئی ،ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اورمختلف شعبوں میں تعاون کےفروغ پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر شاہ محمودقریشی نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔
دوران ملاقات وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کےاجلاس میں قطر کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی کی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان اور قطر کے مابین دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کےعزم کااعادہ کیا۔
قطری سفیر نے وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کو دوحہ فورم میں شرکت کی دعوت دی اور پاکستان اور قطر کے مابین دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔