تازہ ترین

اتائی ڈاکٹر نے 2 ماہ کی بچی کو گرم سلاخ سے جلا دیا

بھارت میں ایک اتائی ڈاکٹر نے کھانسی کے علاج کے نام پر 2 ماہ کی شیر خوار بچی کو گرم سلاخ سے جلا دیا، پولیس نے اتائی ڈاکٹر کو گرفتار کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست گجرات میں مذکورہ 2 ماہ کی بچی شدید کھانسی اور بلغم کا شکار تھی، والدین گھریلو ٹوٹکے کر رہے تھے لیکن بچی کی طبیعت نہیں سنبھل رہی تھی۔

ماں اسے اتائی ڈاکٹر کے پاس لے آئی، اتائی ڈاکٹر نے گرم سلاخ بچی کے سینے پر رکھ دی جس سے بچی جھلس گئی۔

ماں جھلسی ہوئی بچی کو گھر لے گئی لیکن اس کی حالت بگڑتی گئی جس کے بعد وہ اسے جنرل اسپتال لے گئی۔

وہاں ڈاکٹرز نے بچی کا معائنہ کیا تو اتائی ڈاکٹر کی کارگزاری بھی سامنے آئی جس کے بعد پولیس کو اطلاع کردی گئی۔

بچی کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت قدرے بہتر بتائی جارہی ہے۔ پولیس نے چھاپہ مار کر اتائی ڈاکٹر کو بھی گرفتار کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اسی مہینے اس نوعیت کا ایک اور واقعہ پیش آچکا ہے جس میں مدھیہ پردیش میں ایک جعلی عامل نے ڈھائی ماہ کی بچی کو متعدد بار گرم سلاخ سے جلایا تھا۔

Comments

- Advertisement -