کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سانحہ کوئٹہ میں جاں بحق ہونے والے وکلاء کے لیے ایک کروڑ روپے فی کس اور لواحقین کو نوکریاں دینے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے ممبران سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’وکلاء جمہوریت کی اہم اساس اور ہمارے بازو ہیں انہوں نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف کردار ادار کرتے ہوئے قربانیاں دیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’’ہم وکلاء کے ویژن کو پورا کریں گے اور جلد اس دہشت گردی کا ملک بھر سے خاتمہ کردیں گے، اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے وکلاء کے خاندانوں کو فی کس ایک کروڑ روپے اور سرکاری نوکری دینے کا اعلان کیا۔
پڑھیں :سانحہ کوئٹہ: دو مزید زخمی دم توڑ گئے ، شہدا کی تعداد72 ہوگئی
اس موقع پر سنیئر وکیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’دھماکے میں وکلاء کو شہید کر کے دہشت گردوں نے ہمیں کمزور کرنے کی کوشش کی ہے مگر وہ بری طرح ناکام ہوئےاور پوری قوم اس واقعے کے بعد متحد ہوگئی۔
مزید پڑھیں : کوئٹہ کے المناک سانحے کی تحقیقات جاری
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’’کوئٹہ بم دھماکے میں وکلاء کی شہادت کے بعد پورے ملک کے سنیئر وکلاء کوئٹہ پہنچے ہیں اور آٗئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ اس اجلاس کے اختتام پر وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ملاقات کی گئی جس میں انہوں نے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروادی ہے‘‘۔