پیر, جولائی 7, 2025
اشتہار

غیرقانونی طورپرمقیم 328 افغان شہری گرفتار، ایف آئی اے کے حوالے

اشتہار

حیرت انگیز

کوئٹہ : پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں سکیورٹی فورسز نے قانونی دستاویزات کے بغیر پاکستان میں مقیم 328 افغان شہریوں کو گرفتار کرلیا۔

گزشتہ روزافغان شہریوں کو سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا۔ کوئٹہ میں فرنٹیئر کور کے ترجمان کے مطابق ایف سی نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر افغان شہریوں کو حراست میں لیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ جن افغان شہریوں کوگرفتار کیا گیا وہ کاروبار وغیرہ کے سلسلے میں یہاں کسی قانونی دستاویز کے بغیر مقیم تھے۔

 ترجمان کے مطابق ان افغان باشندوں کو افغانستان واپس بھیجنے کے لیے ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا ہے۔

 دریں اثناء کوئٹہ شہر کے مشرقی بائی پاس کے علاقے میں عبد اللہ بن زبیر کے نام سے ایک مدرسے کو بھی سیل کردیا گیا ہے۔

سرکاری حکام کے مطابق اس مدرسے کو سیل کرنے کے علاوہ اس سے سو کے قریب افغان شہریوں کو بھی گرفتار کیا گیا تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ مدرسے سے گرفتار ہونے والے لوگ ان ساڑھے تین سو افراد میں شامل ہیں یا نہیں۔

چمن میں ایک سرکاری اہلکار نے فون پر بتایا کہ رواں سال اب تک غیر قانونی طور پر بلوچستان میں مقیم ایک ہزار سے زائد افغان باشندوں کو گرفتار کرکے واپس ان کے ملک بھیجا گیا ہے۔

کوئٹہ شہر اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں افغان شہریوں کے خلاف گذشتہ دو سال سے کارروائیوں میں تیزی آئی ہے لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ سرکاری حکام کی جانب سے اتنی بڑی تعداد میں افغان شہریوں کی گرفتاری ظاہرکی گئی۔

 یہ گرفتاریاں ایک ایسے موقع پر ہوئی ہیں جب چند روز قبل افغانستان کے صوبہ قندہار سے پاکستان کے سو سے زائد شہریوں کو واپس ملک بھجوایا گیا ہے۔

چمن کے مقامی صحافیوں کے مطابق افغانستان سے واپس آنے والے پاکستانی شہری وہاں محنت مزدوری کرتے تھے۔ انہوں نے یہ الزام عائد کیا تھا کہ افغان حکام نے کسی جواز کے بغیر کے گرفتار کر کے بے دخل کیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں