پیر, مارچ 17, 2025
اشتہار

کوئٹہ : اے ٹی ایف کی موبائل کے قریب دھماکا، ایک اہلکار شہید، 6 زخمی

اشتہار

حیرت انگیز

کوئٹہ کے علاقے کرانی میں اے ٹی ایف کی موبائل کے قریب دھماکا ہوا ہے، جس سے ایک اہلکار شہید اور 6اہلکار زخمی ہوگئے۔ 

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کا اندازہ ابھی نہیں لگایا جاسکا, ابتدائی اطلاعات کے مطابق بروری کے علاقے کرانی روڈ میں اے ٹی ایف کی موبائل کے قریب ہونے والے دھماکے میں ایک پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گیا جبکہ 6 اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق دھماکہ خیز مواد سڑک کے کنارے نصب تھا، دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس کی نفری دھماکے کی جگہ روانہ کردی گئی ہیں۔

واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شہید کی میت اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ پولیس کے مطابق شہید ہونے والے اہلکار کی شناخت سپاہی دلبر خان کے نام سے ہوئی ہے۔

اس حوالے سے ترجمان صوبائی حکومت نے بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ میں کرانی روڈ پر پولیس موبائل کے قریب دھماکا ہوا جس میں ایک اہلکار شہید،6 افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد دی جارہی ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔

بم دھماکے کا دوسرا واقعہ قمبرانی روڈ پر پیش آیا ہے جہاں نامعلوم افراد نے ایک موبائل کی دکان پر دستی بم سے حملہ کیا، پولیس ذرائع کے مطابق اس حملے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

علاوہ ازیں بلوچستان کے شہر چمن میں پولیس اسٹیشن پر حملے کی اطلاعات ہیں، ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ کا کہنا ہے کہ جنگل پیرعلیزئی لیویز تھانے پر دستی بم حملہ ہوا ہے تاہم اہلکار کسی نقصان سے محفوظ رہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں