جہاز میں مسافر کے علاوہ پائلٹ اور کیبن کریئو کے ممبران بھی سوار ہوتے ہیں، جو اڑان بھرنے سے پہلے مسافروں کو بیلٹ باندھنے، آکسیجن میں کمی کی صورت میں ماسک کے استعمال اور حادثے کی صورت میں ہنگامی اخراج سمیت احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہ کرتے ہیں۔
کیبن کریئو میں شامل ممبران کو ہنگامی طبی امداد فراہم کرنے کی تربیت بھی دی جاتی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت میں وہ مسافر کو فرسٹ ایڈ فراہم کرسکیں۔
ایک کیبن کریئو نے ایسا کمال کارنامہ سرانجام دیا، جس کو ہزاروں صارفین نے سراہا۔
رپورٹ کے مطابق مچل برٹ نامی خاتون مسافر اپنے شوہر اور تین پالتو کتوں کے ساتھ سفر کررہی تھیں، انہوں نے تینوں کے پنجرے اپنے قریب رکھے ہوئے تھے۔
ایک موقع پر جب جہاز بلندی پر پہنچا تو اُس میں سے ایک کتے کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہوا، خاتون نے فوری طور پر فضائی میزبان کو اس مسئلے سے آگاہ کیا، جس کے بعد کیبن کریئو میں شامل ایک نوجوان آیا اور اُس نے کتے کو گود میں اٹھا کر فیس ماسک لگادیا۔
رپورٹ کے مطابق تھوڑی دیر ماسک لگنے کے بعد کتے کی سانس بحال ہوگئی تھی مگر کریئو ممبر ہر تھوڑی دیر بعد خاتون مسافر کے پاس آکر اُن کے کتے کی خیریت دریافت کررہا تھا۔
خاتون نے اس واقعے کی تصاویر بنا کر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کیں اور فضائی کمپنی کی سروس سمیت کیبن کریئو کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔