ہفتہ, مئی 11, 2024
اشتہار

مستحق افراد کی مدد، رابی پیر زادہ بھی کسی سے پیچھے نہیں رہیں

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہنے والی سابق گلوکارہ رابی پیرزادہ بھی مشکل وقت میں مستحق افراد کی مدد کے لیے میدان میں آگئیں اور انہوں نے اپنے ہاتھ سے تیار کی جانے والی پینٹنگز فروخت کے لیے پیش کردیں۔

رابی پیرزادہ نے کرونا لاک ڈاؤن کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے پیش نظر غریبوں اور مستحق افراد میں راشن تقسیم کیا۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر سامان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اللہ کا شکر ادا کیا۔

انہوں نے لکھا کہ ’میں ابھی 100 سے زائد خاندانوں میں راشن تقسیم کر رہی ہوں، میں اب گلوکارہ نہیں مگر اللہ کے نام کی خوبصورت خطاطی کر کے انہیں فروخت کرتی ہوں‘۔

- Advertisement -

رابی نے بتایا کہ جو رقم حاصل ہوتی ہے اُس سے غریبوں کی مدد کرتی ہوں۔ انہوں نے اپنی پینٹنگز کی تصاویر شیئر کیں اور دلچسپی رکھنے والے افراد کو ایک نمبر بھی دیا۔ رابی پیرزادہ نے اس پینٹنگز کی قیمت تیس سے پچاس ہزار روپے مقرر کی ہے۔

یاد رہے کہ رابی پیرزادہ گلوکاری کی دنیا کو خیرباد کہنے کے بعد پینٹنگ اور خطاطی شروع کی تھی۔ انہوں نے اپنا کام مداحوں کے ساتھ شیئر کیا تھا جسے صارفین نے بہت زیادہ پسند کیا تھا۔

واضح رہے کہ کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر کے ممالک میں لاک ڈاؤن ہے جس کی وجہ سے یومیہ اجرت کمانے والے افراد کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پاکستانی شوبز انڈسٹری اور کھیلوں کی دنیا کے معروف اسٹارز نے ایسے موقع پر آگے بڑھ کر  ضرورت مندوں کی مدد کی اور راشن تقسیم کیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں