کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری نے ریڈیو پاکستان کی جانب سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی 4 اپریل کی تقریر نشر نہ کرنے کی مذمت کی ہے۔
شازیہ مری نے کہا ریڈیو پاکستان کے تمام اسٹیشنز نے ڈی جی ریڈیو کی ہدایت پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کے یوم شہادت پر ہونے والی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خطاب کو براہ راست نشر نہیں کیا۔
انھوں نے کہا چیئرمین بلاول نے چار اپریل کو اپنے خطاب میں پاکستان کے عوام اور اس کے وفاقی یونٹس کو درپیش تمام اہم مسائل پر روشنی ڈالی تھی، ریڈیو پاکستان کی جانب سے خطاب نشر نہ کیا جانا وفاق کے خلاف سازش ہے۔
کسی کو بھی ڈمپرز یا ہیوی گاڑیوں کو جلانے کی اجازت نہیں ہے، وزیر داخلہ سندھ
شازیہ مری نے کہا بلاول کے چار اپریل کے خطاب کو ریڈیو پاکستان اسلام آباد اور لاہور کے علاوہ تمام اسٹیشنز بشمول لاڑکانہ کو نشر کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، ریڈیو پاکستان نیوز و کرنٹ افیئرز چینل نے بلاول کی ایک گھنٹہ 20 منٹ کی مکمل تقریر کو صرف 21 منٹ کی بے ربط تقریر بنا کر غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔
مرکزی سیکریٹری اطلاعات نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈی جی ریڈیو کو فوری طور پر برطرف کیا جائے، اور چیئرمین بلاول کے خطاب کو نشر نہ کرنے پر ایک غیر جانب دارانہ انکوائری کروائی جائے۔ انھوں نے کہا پاکستان پیپلز پارٹی یہ معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھائے گی۔
شازیہ مری نے کہا ڈی جی ریڈیو کو فوری طور پر برطرف کیا جانا چاہیے، کیوں کہ وہ ان افراد کو دھمکیاں دے رہے ہیں جنھوں نے یہ تقریر نشر کی۔