جمعہ, جون 6, 2025
اشتہار

فلم اور ٹیلی ویژن کے مقبول مزاحیہ اداکار ننھا کا تذکرہ

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستانی فلموں اور ٹی وی کے مشہور مزاحیہ اداکار ننّھا 1986ء میں آج ہی کے روز اس دنیا سے رخصت ہوگئے تھے۔ ان کی موت طبیعی نہیں‌ تھی بلکہ یہ خود کُشی کا واقعہ تھا۔ بعض لوگوں کا ابتداً خیال تھا کہ انھیں قتل کیا گیا ہے، اور آج بھی یہ ایک معمّا ہے پولیس نے ابتدائی تفتیش اور پوسٹ مارٹم کے بعد اپنی رپورٹ تیار کی اور پھر یہ فائل بند کر دی گئی۔

ننّھا کا اصل نام رفیع خاور تھا۔ وہ ساہیوال میں 1942ء میں پیدا ہوئے۔ ننھا شروع ہی فربہ تھے۔ ان کے بعض ساتھی فن کاروں کے مطابق ننھا اس فربہی کے سبب احساسِ کمتری کا شکار تھے۔ دراصل ننھّا بطور ہیرو اسکرین پر جلوہ گر ہونا چاہتے تھے اور غالباً اس خواب کی تکمیل میں ان کو مٹاپا بڑی رکاوٹ لگتا تھا۔ دوسری طرف اداکار کے اقدامِ خود کشی کو عشق میں ناکامی بتایا جاتا ہے۔ اسی سبب وہ چند ہفتوں سے شدید مایوسی میں مبتلا تھے۔ اس حوالے سے فلمی اداکارہ نازلی کا نام لیا جاتا ہے جن سے پولیس نے پوچھ گچھ بھی کی تھی۔

معروف رائٹر اور اداکار کمال احمد رضوی کے پہلے ڈرامہ سے ننھّا نے بطور اداکار ناظرین کو متوجہ کیا۔ اس ڈرامے کا نام تھا ‘آؤ نوکری کریں۔’ بعد کے برسوں میں ننھا اور کمال احمد رضوی کی جوڑی نے ڈرامہ سیریز ‘الف نون’ کی بدولت ملک گیر شہرت پائی۔ یہ سماجی مسائل اور ہمارے رویوں پر ہلکے پھلکے طنز اور مزاح پر مبنی ڈرامہ تھا۔ ننّھا کی بھولی بھالی صورت کے مطابق ان کا کردار بھی ایک نہایت سادہ اور ایسے انسان کا تھا جو مکر و فریب اور دھوکا دہی سے دور ہوتا ہے اور لوگوں کی منافقت، ریا کاری اور متضاد رویّوں کو اپنے عمل اور باتوں سے بے نقاب کرتا ہے۔ اس کھیل سے بلاشبہ ننھا نے اپنی برجستہ اداکاری کی بدولت ناظرین کے دلوں کو فتح کیا۔

الف نون میں ننھا کا کام دیکھ کر شباب کیرانوی نے انھیں اپنی فلم وطن کا سپاہی میں مزاحیہ اداکار کا کردار دے دیا۔ یہ فلم ننھا کی مقبولیت اور بڑے پردے پر ان کی پذیرائی کا سبب بنی اور اگلی دو دہائیوں تک وہ فلم نگری میں بطور مزاحیہ اداکار مصروف رہے۔ رفیع خاور المعروف ننھا نے 391 فلموں میں اداکاری کی جن میں اردو، پنجابی اور تین فلمیں پشتو زبان میں‌ تھیں۔

اداکار ننھا کو لاہور میں علامہ اقبال ٹاؤن کے قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں