ریاض: پاک فوج کے سابق سپہ سالار جنرل (ر) راحیل شریف نے عید الفطر کی نماز سعودی بادشاہ شاہ سلمان کے ہمرہ مسجد الحرام میں ادا کی۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی حکومت کی سربراہی میں تشکیل دیے جانے والے اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کے سربراہ راحیل شریف نے عید الفطر سعودی عرب میں گزاری اور انہوں نے مسجد الحرام میں خادم الحرمین شریفین کے ساتھ نماز بھی ادا کی۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق نماز عید کی ادائیگی کے بعد جنرل (ر) راحیل شریف کو بطور مہمان شاہی محل لے جایا گیا جہاں آپ کو سعودی بادشاہ شاہ سلمان اور امام کعبہ شیخ عبدالرحمان السدیس کے درمیان جگہ دی گئی۔
واضح رہے کہ 30 دسمبر 2015 میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان سمیت 40 سے زائد اسلامی ممالک نے سعودی عرب کی قیادت میں ایک فوجی اتحاد تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا جس میں مصر، قطر،متحدہ عرب امارات،ترکی، ملائشیا، پاکستان اور کئی افریقی ممالک شامل ہیں۔
اسلامی اتحاد میں ابتدائی طور پر 34 ممالک شامل تھے مگر بعد میں دیگر ممالک نے بھی شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کردیا تھا، مشترکہ فوجی اتحاد کا ہیڈکوارٹر ریاض میں موجود ہے جب کہ اس کی سربراہی پاکستان کے سابق آرمی چیف کے پاس ہے، فوجی اتحاد دہشت گرد گروپوں کے خلاف تیار کیا گیاجو شدت پسندی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کررہا ہے۔
پاکستانی حکومت نے گزشتہ برس جنرل (ر) راحیل شریف کو اتحادی افواج کی سربراہی کے لیے این او سی جاری کیا تھا، سابق وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ راحیل شریف نے حکومت سے سعودی عرب میں کام کرنے کی اجازت طلب کی جس کی انہیں حکومت نے باقاعدہ اجازت دی۔
سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف کو حکومتی اجازت ملنے کے بعد انہیں خصوصی لینے کے لیے آیا تھا جس میں بیٹھ کر وہ سعودی عرب روانہ ہوگئے تھے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں