اتوار, مئی 19, 2024
اشتہار

مودی نے کون سا خفیہ ٹیکس لگایا ہے؟ راہل گاندھی نے بتا دیا

اشتہار

حیرت انگیز

نئی دہلی: بھارتی سیاست دان راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی کے ’خفیہ ٹیکس‘ سے نقاب اتار پھینک دیا، انھوں نے کہا کہ مودی نے ملک کو دیمک کی طرح کھوکھلا کرنے والا ایک خفیہ ٹیکس لگا رکھا ہے، یہ ہے ’اڈانی ٹیکس۔‘

تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں وہ تلنگانہ میں واقع سنگرینی کوئلہ کان کے مزدوروں کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ سنگرینی کوئلہ کان کے مزدوروں سے مل کر پتا چلا کہ ان کا استحصال بڑی سازش کا حصہ ہے، مودی نے پہلے ہندوستانی کانوں کی نجکاری کی، پھر بیرون ملک سے مہنگا کوئلہ درآمد کیا، اور پھر بجلی کا بل بڑھا کر عوام کی جیب کاٹنا شروع کر دیا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے دراصل ملک کو دیمک کی طرح کھوکھلا کرنے والا ایک ’خفیہ ٹیکس‘ لگا رکھا ہے جو اڈانی ٹیکس ہے۔

- Advertisement -

راہل گاندھی نے کوئلہ کانوں کی نجکاری کو لیبر ایکٹ کی خلاف ورزی قرار دیا، اپنے یوٹیوب چینل پر شیئر کی گئی ویڈیو میں انھوں نے کہا کہ کان کنوں کے مسائل سننے کے بعد مجھے پتا چلا کہ ہر مسئلے کی جڑ کوئلہ کانوں کی نجکاری ہے، کانگریس کا رخ بہت واضح ہے، اسٹریٹجک شعبوں میں کوئی نجکاری نہیں ہونی چاہیے۔

انھوں نے کہا اس نجکاری سے کچھ سرمایہ داروں کو فائدہ ہوگا اور نتیجہ وہی ہوگا جو میں طویل مدت سے کہتا آ رہا ہوں، یعنی امیر مزید امیر ہو جائیں گے، اور غریب مزید غریب ہو جائیں گے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ پہلے بھی کوئلے کی یہ کانیں اڈانی کو فروخت کرنے کی کوشش کی گئی تھی، لیکن ہم نے اسے رکوایا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں