سوات: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مراد سعید کے گھر پر چھاپہ مارا گیا ہے، چھاپے کے دوران پولیس نے ان کے گھر کی تلاشی لی۔
تفصیلات کے مطابق کبل پولیس نے تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید کے سوات میں واقع آبائی گھر پر چھاپہ مارا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چھاپے کے دوران مراد سعید گھر پر موجود نہیں تھے، سابق وفاقی وزیر کے گھر کی تلاشی لی گئی ہے۔
دوسری جانب ملک بھر میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے، پولیس نے پارٹی کے تنظیمی رہنماؤں، ٹکٹ ہولڈرز اور کارکنوں کو بھی اٹھانا شروع کردیا۔
چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران گھروں میں موجود خواتین پر تشدد بھی کیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ 9 مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو گرفتار کرلیا گیا تھا جس کے بعد سے ملک بھر میں احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔