پشاور : ریلوے پولیس نے ٹرین کے ذریعے منشیات کی اسمگلنگ ناکام بنادی، 3 کلو ہیروئن برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ریلوے پولیس کے مطابق پشاور کینٹ اسٹیشن پر شک کی بنیاد پر ایک مسافر کے سامان کی تلاشی لی گئی تو اس کےقبضےسے3کلو ہیروئن برآمد ہوئی جس کی عالمی مارکیٹ میں قیمت کروڑوں روپے بتائی جا رہی ہے۔
ملزم ٹرین کے ذریعے منشیات پشاور سے دوسرے شہر اسمگل کرنا چاہتا تھا۔ ملزم کو گرفتار کرکے تھانہ ریلوے پولیس پشاور کینٹ اسٹیشن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کی انسداد اسمگلنگ کارروائیوں میں 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کا تعلیمی اداروں کے گردونواح اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، اس دوران 9 کاروائیوں میں دو خواتین سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کرکے 2 کروڑ سے زائد مالیت کی 12.636 کلو گرام منشیات برآمد کرلی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی پشاور ریلوے اسٹیشن پر کارروائی کرتے ہوئے بذریعہ ٹرین کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن کی اسمگلنگ ناکام بناکر ملزم کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔
ملزم جعفر ایکسپریس پر سفر کے لیے ریلوے اسٹیشن پشاور سٹی پہنچا تھا۔ ترجمان ریلوے پولیس کے مطابق ایس ایچ او جمال عبدالناصر نے شک کی بنیاد پر مذکورہ مسافر کی تلاشی لی اور سامان سے ایک کلو سے زائد ہیروئن برآمد ہوئی۔